اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں شرکت کے لیے پاکستانی دستہ جرمنی کے شہر برلن پہنچ گیا

 

 

اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں شرکت کے لیے پاکستانی دستہ جرمنی کے شہر برلن پہنچ گیا،

جہاں ورلڈگیمز آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران نے پاکستانی دستے کا شانداراستقبال کیا۔

واضح رہے کہ17 تا 25 جون کھیلے جانے والے ان گیمز میں 190 ممالک کے 7 ہزار ایتھلیٹس اپنے یونیفائڈ پارٹنرز کے ہمراہ حصہ لیں گے۔ میگا ایونٹ میں 36 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

 

اسپیشل اولمپک پاکستان  کے ایتھلیٹس گیمز کے 11 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں ایتھلیٹکس، بیڈ منٹن، باسکٹ بال، بوچی، سائیکلنگ، فٹسال، ہاکی، پاورلفٹنگ، سوئمنگ، ٹینس اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔

 

دستے کی سربراہ اور  اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کا کہنا تھاکہ  ورلڈ گیمز کے لیے ہمارے ایتھلیٹس نے بھرپورتیاریاں کی ہیں۔ اسپیشل ایتھلیٹس اپنی 100 فی صد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ورلڈ گیمز میں دنیا کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، مگرہماری بھی اچھی تیاری ہے۔ امید ہے قومی کھلاڑی ملک کے لیے میڈلزکے حصول کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں گے۔

 

قبل ازیں قومی دستہ کے کھلاڑی اور آفیشلز مختلف حصوں میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے دوحا کے راستے اپنی منزل پر روانہ ہوئے تو ان کو پرتپاک انداز میں الوداع کہا گیا۔ عزیز واقارب اور مداحوں کی بڑی تعداد ہوائی اڈے پر موجود تھی۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

 

 

 

 

 

 

error: Content is protected !!