کوریا میں پاکستان کمیونٹی کے سربراہ نزاکت مرزا کی جانب سے پاکستانی ویمن نیٹ بال ٹیم کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام
کوریا میں پاکستان کمیونٹی کے صدر نزاکت مرزا کی جانب سے پوسان کوریا کے ایک مقامی ہوٹل پاکستانی ویمن نیٹ بال ٹیم کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کوریا میں پاکستان کمیونٹی کے نائب صدر چوہدری رشید گوجر، جنرل سیکرٹری محمد عالم خان، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں اور المدینہ مسجد جھنگ نم پوسان کے خطیب حضرت علامہ مولانا میاں محمد اشرف کے علاوہ کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مرد اورخواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
پاکستان کمیونٹی کوریا کے صدر نزاکت مرزا نے پاکستانی ویمن نیٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ملک ہے اور پاکستانی عوام غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ چوہدری رشید گوجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ
یہ ہمارے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کر رہی ہے
اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ حضرت علامہ مولانا میاں محمد اشرف نے کہا کہ کھیل امن اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں اور کھلاڑی ہر ملک کا سرمایہ اور ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیل صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں
اور کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان کے جذبے کے ساتھ اترنا چاہئے۔ آخر پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے کوریا میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔