خیبر یونین آف جرنلسٹس کی سینئر صحافی مسرت اللہ جان پر حملے کی پرزور مذمت
واقعے میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کیاجائے بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، ناصر حسین
خیبر یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی مسرت اللہ جان پر حملے اور انہیں زخمی کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے، واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے
بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین، سینئر نائب صدر عمران ایاز، نائب صدر عبدالبصیر، جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی، جائنٹ سیکرٹری ارشاد اور کابینہ اراکین نے کہا ہے کہ پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے سینئر ممبر اور صحافی مسرت اللہ جان اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے قیوم سپورٹس کمپلیکس آرہے تھے
جب کچھ نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ مسرت اللہ جان بچانے کے لئے قیوم سپورٹس کمپلیکس کے اندر آئے لیکن وہ افراد وہاں بھی ان کے پیچھے آئے اور مسرت اللہ پر تشدد کیا،
مسرت اللہ جان زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس نے نگراں صوبائی حکومت، نگراں وزیراعلی، آئی جی پولیس اور ڈی جی سپورٹس سے مطالبہ کیا ہے
کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو فی الفور سامنے لایا جائے اور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ خیبر یونین نے واضح کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو صحافی برادری بھرپور احتجاج کرے گی۔