فاسٹ بولر احسان عادل اور آل راؤنڈر حماد اعظم ریٹائرہوگئے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر احسان عادل اور آل راؤنڈر حماد اعظم کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کو ان کی کرکٹ میں خدمات پر مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
احسان عادل نے فروری 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا اس کے بعد وہ مزید دو ٹیسٹ میچز کھیلے۔ انہوں نے تین ٹیسٹ میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ چھ ون ڈے انٹرنیشنل میں چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
احسان عادل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے سے قبل 2012ء میں آسٹریلیا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
انہوں نے مارچ 2012 سے اکتوبر2021 تک اپنے کریئر میں 67 فرسٹ کلاس میچوں میں 245 وکٹیں حاصل کیں۔ 67 لسٹ اے ون ڈے میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 98 رہی جبکہ68 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ86 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
آل راؤنڈر حماد اعظم نے 2011سے 2015تک کے عرصے میں 11 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں 80 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں وہ34 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔
حماد اعظم نے 2010ء میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
دسمبر2008 سے جون2021 تک اپنے ڈومیسٹک کریئر میں حماد اعظم نے 107فرسٹ کلاس میچوں میں4953 رنز بنائے اور 186 وکٹیں حاصل کیں۔ 114 لسٹ اے ون ڈے میچوں میں2362 رنز اسکور کرنے کے علاوہ91 وکٹیں حاصل کیں جبکہ98 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ1361 رنز بنانے کے علاوہ 75 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔