فیصل آبادمیں منعقدہ نیشنل جونیئر باکسنگ چمپئن شپ کیلئے خیبر پختونخواٹیم کا اعلا ن کردیاگیا
پشاور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی نگرانی فیصل آبادمیں 9ستمبرسے منعقدہ نیشنل جونیئر باکسنگ چمپئن شپ میں خیبر پختونخواٹیم بھر پورتیاریوں سے شرکت کرے گی،
اس سلسلے میں باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل صوبائی ٹیم کی تشکیل کیلئے قیوم سٹیڈیم پشاور میں ٹرائلز لئے گئے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے منتخب خیبرپختونخواباکسنگ ایسوسی ایشن کی منیجمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام ہونیوالے ٹرائلز میں صوبے کے مختلف اضلاع سے کھلاڑیوں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔
ان ٹرائلز کی نگرانی صوبائی باکسنگ ایسوسی ایشن کی منیجمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری و سابق انٹر نیشنل باکسبر خیضر اللہ نے کی ، ٹرائلز میں کھلاڑیوں کے صاف وشفاف اندازمیں سلیکشن کی گئی ،
قیوم سٹیڈیم کے باکسنگ آرینامیں جن کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے گئے سلیکشن کمیٹی نے خیبر پختونخواٹیم کیلئے منتخب کھلاڑیوں کا باضابطہ اعلان کردیاگیا ۔ جن میں 46کلوگرام ویٹ میں ابرار (سوات) اور صفیان (پشاور) ، 48کے جی میں ڈی آئی خان کے ضمیر اور سوات کے عدنان، 50 کے جی میں سیاد (کوہاٹ) اور عبداللہ خالد (ہزارہ) ، 52کے جی میں شاہد (کوہاٹ)اور موسیٰ(پشاور) ، 57کے جی مین بنوں کے عصمت اللہ اور ڈی آئی خان کے احمد ، 60کے جی میں اسماعیل ہزارہ سے،
عبدالرازق سوات اور اسداللہ ڈی آئی خان سے ، جبکہ 63کے جی میں ہزارہ سے حسین اور ڈی آّئی خان سے یوسف کا انتخاب عمل میں لایاگیا۔ ان منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کا آغازہوگیاہے ،جنہیں کوالیفائڈ کوچز مزیدتربیت دیںگے۔
اس موقع پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے خیبر پختونخواباکسنگ ایسوسی ایشن کی منیجمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری خیضر اللہ نے بتایاکہ باکسنگ فیڈریشن نے انہیں جو ذمہ داری سونپ دی ہے میری بھر پور کوشش ہوگی کہ خیبر پختونخوامیں باکسنگ کے فروغ کیلئے بہتر اندازمیں کام کرسکوں۔