قائداعظم ٹرافی : فیصل آباد ریجن اور کراچی ریجن وائٹس کی کامیابیاں.

 

قائداعظم ٹرافی : فیصل آباد ریجن اور کراچی ریجن وائٹس کی کامیابیاں

احمد صفی عبداللہ کی 11 وکٹیں ۔قاسم اکرم کی ناقابل شکست سنچری

 

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں فیصل آباد ریجن اور کراچی ریجن نے کامیابیاں حاصل کرلیں۔

فیصل آباد نے ملتان کو5 وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ کراچی ریجن نے پشاور ریجن کو 116 رنزسے ہرادیا۔

 

لاہور بلوز اور لاہور وائٹس کا میچ ڈرا ہوگیا اسی طرح راولپنڈی اور فاٹا کے درمیان کھیلے گئے میچ کا بھی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

ان میچوں کی خاص بات احمد صفی عبداللہ کی میچ میں گیارہ وکٹیں اور قاسم اکرم کی سنچری تھی۔

شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فیصل آباد ریجن نے ملتان ریجن کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔

 

میچ کے آخری دن ملتان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمران رفیق نے 68 اور عامر یامین نے 67رنز اسکور کیے۔ احمد صفی اللہ نے 89 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اسطرح انہوں نے میچ میں 151 رنز دے کر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

فیصل آباد کو جیتنے کے لیے 186 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آصف علی42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

لاہور وائٹس اور لاہور بلوز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ ڈرا ہوگیا۔

میچ کے چوتھے دن لاہور بلوز نے اپنی دوسری اننگز میں61 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ نوجوان بیٹر قاسم اکرم نے سولہ چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیسری سنچری ہے انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
عمرصدیق نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

ایبٹ آباد میں کراچی ریجن نے پشاور ریجن کے خلاف میچ 116 رنز سے جیت لیا۔

کراچی ریجن نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 329 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔

کپتان سرفراز احمد نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست 66 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے68 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

 

پشاور ریجن کو میچ جیتنے کے لیے361 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔وقار احمد نے54 رنز اسکور کیے۔ابرار احمد نے67 رنز دے کر چار اور آفتاب ابراہیم نے 59 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

 

راولپنڈی اور فاٹا کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا۔

میچ کے آخری دن راولپنڈی نے اپنی دوسری اننگز سولہ رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی اسے جیتنے کے لیے 400 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم اس نے کھیل کے اختتام پر سات وکٹوں پر293 رنز بنائے تھے۔

 

حسن رضا نے 79 اور عبدالفصیح نے65 رنز بنائے ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں144 رنز کا اضافہ کیا۔ حیدرعلی نے 54 رنز اسکور کیے۔عاکف جاوید نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

 

 

تعارف: News Editor