ایشین گیمز میں والی بال کے کوارٹر فائنل مقابلے میں قطر نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی
چین میں جاری ایشین گیمز کے والی بال کے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر 51 پاکستان کا مقابلہ عالمی نمبر 17 قطر سے تھا۔پاکستان نے پہلے سیٹ سے ہی قطر کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔
پاکستان کو پہلے سیٹ میں ایک موقع پر 5 پوائنٹس سے برتری حاصل تھی مگر قطر نے پہلے 15-20 اور پھر 22-24 کے خسارے سے کم بیک کرکے پہلا سیٹ جیتا۔
دوسرے سیٹ میں بھی پاکستان نے پانچ مرتبہ ڈبل پوائنٹس کی برتری حاصل کی مگر اس کو برقرار نہ رکھ سکا۔ تیسرے سیٹ میں پاکستان شروع ہی سے قطر پر حاوی رہا، میچ 1-2 کیا لیکن چوتھے سیٹ میں قطر نے پاکستان کو کوئی موقع نہ دیا اور 1-3 کی جیت مکمل کی۔
پاکستان کے خلاف قطر کی جیت کا اسکور 24-26، 19-25، 23-25 اور 18-25 رہا۔ کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم اب پانچویں پوزیشن کیلئے منگل کو بھارت سے مقابلہ کرے گی۔