قائداعظم ٹرافی ; سرفراز احمد کی ناقابل شکست ڈبل سنچری.

 

قائداعظم ٹرافی: سرفراز احمد کی ناقابل شکست ڈبل سنچری۔

لاہور بلوز اور راولپنڈی کی کامیابیاں

 

 

قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ میں راولپنڈی نے فیصل آباد کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

 

پشاور نے لاہور بلوز کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ملتان اور فاٹا کا میچ ڈرا ہوگیا۔

کراچی وائٹس اور لاہور وائٹس کے میچ کا بھی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

آج کے کھیل کی خاص بات کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد کی لاہور وائٹس کے خلاف شاندار ناقابل شکست ڈبل سنچری تھی۔

 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی وائٹس نے اپنی پہلی اننگزمیں 5 وکٹوں پر784 رنز بناڈالے۔
کپتان سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے گیندوں پر200 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ان کی اننگز میں چوبیس چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

یہ سرفراز احمد کی اس قائداعظم ٹرافی میں دوسری سنچری ہے اس کے علاوہ وہ دو نصف سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔
رمیز عزیز نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے پندرہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 151 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
سرفراز احمد اور رمیز عزیز نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 351 رنز کا اضافہ کیا۔

ان سے قبل عماد عالم۔ خرم منظور اور اسد شفیق نے بھی سنچریاں اسکور کی تھیں۔
لاہور وائٹس نے اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 509 رنز اسکور کیے تھے۔

 

ایبٹ آباد میں پشاور ریجن نے لاہور بلوز کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔میچ کے چوتھے دن لاہور بلوز کی ٹیم دوسری اننگز میں 215رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اسطرح پشاور کو جیتنے کے لیے 190 رنز بنانے تھے اس نے مطلوبہ اسکور سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔کامران غلام نے 50 رنز اسکور کیے۔

 

شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فاٹا اور ملتان کا میچ ڈرا ہوگیا۔ فاٹا نے فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 336 رنز بنائے تھے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

محمد عرفان نے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے84 رنز بنائے ۔سلمان خان نے بارہ چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

پنڈی اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے فیصل آباد کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ راولپنڈی کو جیتنے کے لیے 203رنز کا ہدف ملا تھا اور اس نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 190رنز بنالئے تھے

اور اس کے2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔آج اس نے مزید ایک وکٹ کھوکر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ عبدالفصیح نے اپنی سنچری مکمل کرلی۔انہوں نے 17 چوکوں کی مدد سے109 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔اشفاق احمد 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 

 

 

error: Content is protected !!