قائداعظم ٹرافی : احمد شہزاد کی ڈبل سنچری، خرم شہزاد اور کاشف علی کی چھ چھ وکٹیں

 

 

قائداعظم ٹرافی : احمد شہزاد کی ڈبل سنچری، خرم شہزاد اور کاشف علی کی چھ چھ وکٹیں

لاہور 5 اکتوبر، 2023:ء

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے میچوں کے دوسرے دن کھیل کی خاص بات لاہور وائٹس کے احمد شہزاد کی ڈبل سنچری تھی۔

 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور وائٹس نے پشاور کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 568 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ احمد شہزاد جو پہلے دن 22 چوکوں کی مدد سے 163 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے 253 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 30 چوکے شامل تھے۔عمراکمل نے 64 رنز بنائے۔آف اسپنر مہران ابراہیم نے57 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور ریجن نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر76 رنز بنائے تھے۔

 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور بلوز کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 396رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گزشتہ روز کے سنچری میکرز حسین طلعت اور جنید علی بالترتیب 104 اور 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 215 رنز کا اضافہ کیا۔ کاشف علی نے 86 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں راولپنڈی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 176رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مہران ممتاز 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔نثار احمد نے55 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔دن کے اختتام پر راولپنڈی نے فالوآن ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنائے تھے۔

 

ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فاٹا کی ٹیم فیصل آباد کے215 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔محمد سرور 35 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔خرم شہزاد نےصرف 23 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔
فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں پر128 رنز بنائے تھے۔تیمور سلطان نے 52 رنز بنائے۔

 

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم پنڈی میں کراچی وائٹس کی ٹیم ملتان کے اسکور220 کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔صائم ایوب 40 اور تابش خان 38 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔

لیگ اسپنر زاہد محمود نے69 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے50 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان نے اپنی دوسری اننگز میں 169 رنز بنائے تھے اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔عمران رفیق نے70 رنز اسکور کیے۔شرون سراج 60 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ملتان کو ابتک 195 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

 

 

error: Content is protected !!