پاکستان کرکٹ بورڈ اور مڈل سیکس کاؤنٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
لاہور 5 اکتوبر، 2023:
پاکستان کرکٹ بورڈ اور مڈل سیکس کاؤنٹی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں ۔
اس یادداشت پر دستخط کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کے علاوہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ اور پی ایس ایل کمشنر نائلہ بھٹی نے بھی شرکت کی۔
اس ایم او یو کے تحت پی سی بی اور مڈل سیکس کاؤنٹی مشترکہ طور پر ایک ٹی ٹین لیگ کا آغاز کریں گے جس میں دونوں کی برابر شراکت ہوگی جو بزنس پلان اور مالی اور منیجمنٹ کےڈھانچے پر باہمی رضامندی کے تحت ہوگی۔
اس ایم او یو کے تحت دونوں فریقین پاکستان اور برطانیہ میں نمائشی میچوں کے انعقاد کے سلسلے میں بھی مواقع تلاش کریں گے یہ میچز ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیموں اور مڈل سیکس کاؤنٹی کلب کے تحت آنے والی ٹیموں کے درمیان ہونگے۔
مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت ٹریننگ اور ایجوکیشنل پروگرام بھی منعقد ہونگے جو صرف کوچز امپائرز تجزیہ کار اور کیوریٹرز کے کورسز تک ہی محدود نہیں ہونگے ۔ان کورسز میں جدید ٹیکنالوجی کو فوقیت حاصل ہوگی۔
مڈل سیکس کاؤنٹی پی سی بی کے تحت آنے والی خواتین کرکٹ کی ترقی کے ضمن میں ٹریننگ پروگراموں پر بھی کام کرے گی جس میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ مڈل سیکس کاؤنٹی کلب کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اینڈریو کارنش ۔ ڈائریکٹر مڈل سیکس کاؤنٹی کلب ایلن کولمین اور مڈل سیکس کاؤنٹی کلب کے نمائندے محسن وڑائچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اپنے اس دو روزہ دورے میں وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف اور دیگر پی سی بی افسران سے کرکٹ سے متعلق باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو پریزنٹیشن بھی دی۔