پاکستان کپ کا چوتھا راؤنڈ: کراچی وائٹس، فاٹا، پشاور اور راولپنڈی کی کامیابی

 

پاکستان کپ کا چوتھا راؤنڈ: کراچی وائٹس، فاٹا، پشاور اور راولپنڈی کی کامیابی

شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری، مبصر خان کے جارحانہ 99 رنز ناٹ آؤٹ

 

پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں کراچی وائٹس، فاٹا،

پشاور اور راولپنڈی نے کامیابی حاصل کرلی۔

ان میچوں کی قابل ذکر بات شان مسعود کی سنچری اور مبصرخان کے جارحانہ 99 رنزناٹ آؤٹ تھے۔

 

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی ریجن نے فیصل آباد ریجن کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
راولپنڈی ریجن نے ٹاس جیت کر فیصل آباد ریجن کو پہلے بیٹنگ دی جو 39.5 اوورز میں 197 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

محمد سلیم 41 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔اویس انور، جہانداد خان اور مہران ممتاز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی نے 38.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

مبصرخان صرف ایک رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔

 

انہوں نے چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے99 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔عمرامین نے آؤٹ ہوئے بغیر 65 رنز اسکور کیے۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 179 رنز کا اضافہ کیا۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم پنڈی میں پشاور ریجن نے لاہور بلوز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پشاور نے ٹاس جیت کر لاہور بلوز کو بیٹنگ دی جو 42 اوورز کی بیٹنگ میں 173 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان عمران بٹ نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے94 رنز اسکور کیے۔اعظم خان نے41 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور نے 35.3اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔کامران غلام نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے54 رنز اسکور کیے۔عادل امین نے50 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

 

میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں فاٹا ریجن نے ملتان ریجن کے خلاف 60 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
ملتان نے ٹاس جیت کر فاٹا کو بیٹنگ دی جو42.5 اوورز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سرور آفریدی نے53 رنز اسکور کیے۔زاہد محمود نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان کی ٹیم جواب میں33.1 اوورز میں 129 رنز بناکر آؤٹ ہوگئ۔شرون سراج نے چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے58 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ نے23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس نے لاہور وائٹس کے خلاف اپنا میچ 8 وکٹوں سے جیتا۔
کراچی وائٹس نے ٹاس جیت لاہور وائٹس کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 249رنز بنائے۔

طیب طاہر نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے92 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔عمراکمل نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے45 رنز اسکور کیے۔ انور علی اور نعمان علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی وائٹس نے شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 34.4 اوورز میں صرف دو وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔شان مسعود نے 99 گیندوں پر بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔

انہوں نے اسد شفیق کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 177 رنز کا اضافہ کیا۔اسد شفیق نے86 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے شامل تھے۔گرنے والی دونوں وکٹیں احمد بشیر نے حاصل کیں۔

 

 

تعارف: News Editor