بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کے خلاف ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت لی
تیسرے ون ڈے میں 7 وکٹوں سے کامیابی، سدرہ امین کے84 رنز ناٹ آؤٹ
ڈھاکا 10 نومبر، 2023:ء
بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی اس کے ساتھ ہی اس نے تین میچوں کی یہ سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کرلی۔
سیریز کا پہلا میچ پاکستان ویمنز نے پانچ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے سپر اوور میں کامیابی حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ تھی۔
جمعہ کے روز ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر166 رنز بنائے۔
جواب میں بنگلہ دیش ویمنز نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف 45.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستان ویمنز کی اننگز میں سدرہ امین اور صدف شمس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں65 رنز کا اضافہ کیا۔صدف شمس دو چوکوں کی مدد سے31 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ فٹ ہوکر ٹیم میں واپس آنے والی منیبہ علی 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں ۔
سدرہ امین نے 143 گیندوں پر 84 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ان کی اننگز میں تین چوکے شامل تھے۔ کپتان ندا ڈار 8 بسمہ معروف 2 اور عالیہ ریاض ایک رن بناسکیں۔
بنگلہ دیش ویمنز کی طرف سے لیفٹ آرم اسپنر ناہیدہ اختر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بنگلہ دیش ویمنز کی اوپنرز مرشدہ خاتون اور فرزانہ حق نےٹیم کو 125 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ فرزانہ حق پانچ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
مرشدہ خاتون کو بھی نشرہ سندھو نے 54 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ 2کیا۔ان کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے۔
فہیمہ خاتون بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئیں تو میزبان ٹیم کا اسکور تین وکٹوں پر 128 رنز تھا جس کے بعد کپتان نگار سلطانہ اور سبحانہ مشتری نے39 رنز کی شراکت کے ذریعے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ نگار سلطانہ 18 اور سبحانہ مشتری 19رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
مختصر اسکور:
پاکستان ویمنز 166 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) سدرہ امین 84 ناٹ آؤٹ، صدف شمس 31، ناہیدہ اختر26 /3 وکٹ۔
بنگلہ دیش ویمنز 167 رنز3 کھلاڑی آؤٹ ( 45.4 اوورز ) فرزانہ حق 62، مرشدہ خاتون 54، نشرہ سندھو 27 / 2 وکٹ