انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی.

 

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

اذان اویس کی شاندار ناقابل شکست سنچری، شاہ زیب اور سعد بیگ کی نصف سنچریاں،

محمد ذیشان کی چار وکٹیں

دبئی 10 دسمبر، 2023:ء

 

 

پاکستان انڈر19 نے انڈیا انڈر 19 کو اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ اس شاندار جیت میں اذان اویس کی ناقابل شکست سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر19 کی دوسری کامیابی ہے۔ پہلے میچ میں اس نے نیپال انڈر19 کو سات وکٹوں سے ہرایا تھا۔

اتوار کے روز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں گروپ اے کے اس میچ میں پاکستان انڈر19 نے ٹاس جیت کر انڈیا انڈر 19 کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔

پاکستان انڈر19 نے 47 اوورز میں مطلوبہ اسکور صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انڈیا انڈر19 کی اننگز میں آدرش سنگھ نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ کپتان اودے سہارن نے پانچ چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سچن دھاس نے 58 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

پاکستان انڈر 19 کی طرف سے محمد ذیشان نے 46 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے نیپال انڈر 19 کے خلاف پہلے میچ میں 19 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عبید شاہ نے 49 اور عامر حسن نے 56 رنز دے کر دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پاکستان انڈر 19 کو پانچویں اوور میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شامل حسین 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
شاہ زیب خان اور اذان اویس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنز کا اضافہ کیا۔شاہ زیب خان تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اذان اویس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے دس چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
کپتان سعد بیگ نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کیے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
اذان اویس اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 125 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا تیسرا میچ منگل کو افغانستان انڈر 19 کے خلاف کھیلے گی۔

 

 

error: Content is protected !!