پریذیڈنٹ ٹرافی: عابدعلی کی سنچری اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل
افتخار احمد، عمیر بن یوسف اور محمد سعد کی بھی سنچریاں
کراچی 23 دسمبر، 2023:ء
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے میچوں کے دوسرے دن عابدعلی، افتخار احمد، محمد سعد اور عمیر بن یوسف نے سنچریاں اسکور کیں۔ عابدعلی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں واپڈا نے اپنی پہلی اننگز میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اسکور327 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں 80 اوورز میں 391 رنز بنائے اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
واپڈا کی اننگز کی خاص بات افتخار احمد اور محمد سعد کی سنچریاں تھیں۔ افتخار احمد نے 124گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں افتخار احمد کی دوسری سنچری ہے۔
محمد سعد نے پانچ چوکوں کی مدد سے 102رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ عمر اکمل نے بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی۔
افتخار احمد اور محمد سعد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کا اضافہ کیا۔
دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر111 رنز بنائے تھے۔پہلی اننگز کے سنچری میکر اویس ظفر 52 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔محسن خان 54 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ یہ دونوں تیسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے غنی گلاس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر320 رنز بنائے تھے۔
معاذ احمد صداقت 84 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ علی زریاب نے 65 اور سرمد بھٹی نے 54 رنز اسکور کیے۔
نیاز خان نے 107 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 424 رنز بنائے۔
عابدعلی نے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 121 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 28 ویں سنچری ہے اس کے علاوہ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
عمیر یوسف نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے گیارہ چوکوں کی مدد سے 120 رنز اسکور کیے۔ حسیب اللہ نے76 رنز کی اننگز کھیلی۔
عادل ناز نے 83 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے66 رنز بنائے تھے۔