پریذیڈنٹ ٹرافی: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اویس ظفر کی سنچری

پریذیڈنٹ ٹرافی: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اویس ظفر کی سنچری

 

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوسرے دن کی خاص بات ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اویس ظفر کی کے آر ایل کے خلاف سنچری تھی۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے اسٹیٹ بینک کے پہلی اننگز کے اسکور 170 کے جواب میں 8وکٹوں پر 305 رنز بنائے۔ مبصر خان نے8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 84 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اسد شفیق نے سات چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے۔بلاول بھٹی نے چھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد الیاس نے 77 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز میں 59 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ٹی وی کی ٹیم غنی گلاس کے پہلی اننگز کے اسکور 319 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ تیمور خان نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ محمد رمیز نے 25 اور شعیب اختر نے37 رنز دے کر چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
پی ٹی وی نے فالوآن ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے۔ تیمور خان نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز بنائے ہیں اور وہ ناٹ آؤٹ ہیں۔محمد سلیمان چھ چوکوں کی مدد سے 65 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ یہ دونوں تیسری وکٹ کی شراکت میں 138 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کے آر ایل کی پہلی اننگز کے اسکور 411 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 379 رنز بنائے۔ اویس ظفر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 111 رنز کی اننگز کھیلی۔ سعد خان 67، غازی غوری 56 اور عدیل میو 51 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹرز رہے۔ ارشداللہ نے 77 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر کے آر ایل نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنائے تھے اسطرح اسے مجموعی طور پر 113 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔

 

 

 

 

error: Content is protected !!