پریذیڈنٹ ٹرافی: اسٹیٹ بینک اور واپڈا کی کامیابی

پریذیڈنٹ ٹرافی: اسٹیٹ بینک اور واپڈا کی کامیابی

پی ٹی وی کے محمد سلیمان کی دونوں اننگز میں سنچریاں

کراچی 18 جنوری، 2024:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کے تیسرے دن اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 10 وکٹوں سے ہرادیا ۔ واپڈا نے غنی گلاس کو 294 رنز سے شکست دیدی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خلاف جیتنے کے لیے صرف 24 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ محمد محسن 14 اور عمرامین 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 13 رنز کا اضافہ کرکے 235 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کاشف بھٹی نے 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان علی آغا، آفاق آفریدی اور زاہد محمود نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں واپڈا نے غنی گلاس کو 294 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔
غنی گلاس کو جیتنے کے لیے 519 رنز کا ہدف ملا تھا۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر اس کی ایک وکٹ 7 رنز پر گرگئی تھی۔ آج پوری ٹیم 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعید علی نے چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ طیب طاہر نے نو چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔
آصف آفریدی نے 55 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل کو پی ٹی وی کے خلاف جیتنے کے لیے 426 رنز کا ہدف ملا ہے لیکن تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اس کی 3 وکٹیں 95 رنز پر گرگئی تھیں۔ عبدالفصیح 47 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی وی نے اپنی دوسری اننگز 336 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔

محمد سلیمان نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 133 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 101 رنز اسکور کیے تھے۔
محمد سلیمان کے علاوہ وقارحسین نے بھی سنچری اسکور کی اور پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔
معاذ صداقت نے80 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

 

تعارف: News Editor