انڈر 19 ورلڈ کپ ؛ نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی،

افغانستان انڈر 19 کا 92 رنز کا ہدف کیوی جونیئرز نے 28.2 اوورز میں حاصل کرلیا،

میٹ رووے کو شاندار پرفارمنس پر پلیئرآف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

منگل کو بفیلو پارک ایسٹ لندن میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ کے11ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 21.3 اوورز میں 91 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی،

جمشید زادران 22اور عرب گل 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر 9 کھلاڑی ڈبل فگر بھی کراس نہ کرسکے۔

کیوی بائولر میٹ رووے نے 21 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو پچھاڑ دیا، ایوالڈ شروڈر اور ریان سورگاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان انڈر 19 کا 92 رنز کا ہدف کیوی ٹیم نے 28.2 اوورز میں سنسنی خیز مقابلے کے بعدنو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، افغانستان کا بظاہر آسان دکھائی دینے والا ہدف نیوزی لینڈ کے لئے مشکل ثابت ہوا جب اس کے تین ٹاپ آرڈر بلے باز صفر پر پویلین لوٹ گئے ،

اس موقع پر کپتان اوسکر جیکسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا، وہ 26 اور لچلان سٹیکپول 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

افغانستان کی طرف سے غضنفر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، خلیل احمد اور عرب گل نے دو دو جبکہ نصیر خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوفتوحات کے بعدگروپ ڈی میں ٹاپ پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ افغان انڈر 19 ٹیم دو شکستوں کے بعد آخری پوزیشن پر موجود ہے

 

 

 

تعارف: News Editor