ملتان سلطانز ایچ بی ایل پی ایس ایل9 کے لیے تیار
لاہور 11 فروری 2024:
ملتان سلطانز نے جیسے دوبارہ جنم لیا ہو۔ یہ وہ ٹیم ہے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 9 ویں ایڈیشن کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ وہ ٹورنامنٹ شروع ہونے کے ایک دن بعد 18 فروری کو اپنے مضبوط قلعے یعنی خوبصورت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
لیگ کے پہلے دس میں سے ان کے پانچ میچز ملتان میں ہیں اور پھر 26 فروری سے ان کے ملتان سے باہر کے میچز شروع ہوجائیں گے۔
ملتان مہمان ٹیموں کے لیے ایک مشکل وینیو رہا ہے کیونکہ ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پر آٹھ میں سات میچوں کی جیت کے شانداریکارڈ کا بھرپور لطف اٹھایا ہے۔
ملتان سلطانز 2021 کے ایڈیشن کی چیمپئن ہے ۔اس نے گزشتہ تین فائنلز کھیلے ہیں اور 2016 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آغاز کے بعد سے ان کی جیت 55.22 فیصد رہی ہے جو کسی بھی ٹیم سب سے بہترین کارکردگی ہے۔
ملتان سلطانز کے مالک اور چیف ایگزیکٹیو علی ترین کہتے ہیں، ” مجھ پر بے انتہا بڑی ذمہ داری ہے میرے چچا مرحوم عالمگیر ترین بہت ہی اہم روایات چھوڑ کر گئے ہیں۔ ہم ایک ایسی ٹیم ہے جو ڈیٹا اور تجزیوں کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے اور ہم نے ایونٹ کے چاروں وینیوز اور مستقبل کے ایڈیشنز میں کھلاڑیوں کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔
ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے ساتھ دلچسسپ ٹریڈ کی تاکہ ٹی ٹوئنٹی کے ایک اہم آل راؤنڈر افتخار احمد اور بیس سالہ ابھرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر فیصل اکرم کو حاصل کیا جاسکے جنہوں نے صرف تین فرسٹ کلاس میچوں میں بیس وکٹیں حاصل کی ہیں۔
علی ترین کہتے ہیں″ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے قابل ذکر کھلاڑیوں کو بھی حاصل کیا ہے جن میں طیب طاہر، محمد علی، شاہنواز دھانی، یاسر خان اور آفتاب ابراہیم شامل ہیں ان کے علاوہ بیٹنگ کو مضبوط کرنے کے لیے ڈاوڈ ملان۔ ریزا ہینڈرکس اور عثمان خان بھی موجود ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں کرس جورڈن، ڈیوڈ ولی اور ریس ٹوپلی شامل ہیں۔
لہذا اب ہم نے ایک اسکواڈ اکٹھا کیا ہے جس سے آپ الیون بنا سکتے ہیں جس میں تیز رفتار بولرز ہیں جو کھیل کے کسی بھی مرحلے میں گیند کر سکتے ہیں اور اسپنرز کے مختلف انداز بھی ہیں جو ان کی مدد کر سکتے ہیں جن میں اسامہ میر ۔ خوشدل شاہ فیصل اکرم اور افتخار احمد شامل ہیں۔
"ہماری بیٹنگ رضوان، ریزا اور ملان کے ساتھ شروع ہوتی ہےاور مڈل آرڈر افتخار، خوشدل، طیب طاہر، عثمان خان اور ڈیوڈ ولی کی بیٹنگ پر مشتمل ہے جس میں فائر پاور موجود ہے۔ میں ٹیم کی تشکیل سے بہت مطمئن ہوں۔
ملتان سلطانز پہلی ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائز ہے جس نے خواتین کو کوچنگ سیٹ اپ میں متعارف کرایا ہے جس میں کیتھرین ڈالٹن ( فاسٹ بولنگ) اور الیگزینڈرا ہارٹلی شامل ہیں۔
علی ترین کا کہنا ہے میری ٹیم کے تمام کوچز قابل احترام ہیں اور انہوں نے خود کو ثابت کیا ہے۔ مجھ سے اکثر خواتین کو پینل میں شامل کرنے کے بارے میں پوچھا جاتا ہے۔ ملتان سلطانز میں ہم جنس یا نسل کو نہیں دیکھتے ۔
ہمارے لیے بہترین دستیاب ٹیلنٹ کی اہمیت ہے اور بالکل ایسا ہی ہوا ہے جب ہم نے کیتھرین اور الیکس کی خدمات حاصل کیں۔
” کیتھرین لودھراں میں ملتان سلطانز اکیڈمی میں ارشد اقبال، ثمین گل، محمد الیاس وغیرہ جیسے فاسٹ باؤلرز کے ساتھ کام کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے ان کے تکنیکی پہلوؤں پر پر کام کیا جس سے ان کی بہت مدد ہوئی اور اب وہ پاکستان شاہینز یا فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں″۔
ملتان سلطانز کا کوچنگ اسٹاف عبدالرحمن ۔ محمد وسیم ۔ نیتھن لیمن اور ولید احمد پر مشتمل ہے۔
ملتان سلطانز اپنے افتتاحی میچ سے ایک ہفتہ قبل ملتان پہنچے گی18 فروری کو اس کا پہلا میچ کراچی کنگز سے ہے۔
اس کے بعد وہ 20 اور 21 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز سے کھیلے گی اس کے بعد 23 اور 25 فروری کو اس کا مقابلہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔
علی ترین کہتے ہیں ″ ملتان جوش و خروش سے گونجے گا۔ پاکستان کے اس حصے کے لوگ کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں اور کھیل سے ان کا جنون اور محبت کسی سے کم نہیں ہے۔ یہ بات اس حقیقت سے واضح ہے کہ ملتان میں ہر میچ سولڈ آؤٹ ہوتا ہے اور میں اس لمحے کا مزید انتظار نہیں کر سکتا۔″