پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز ؛ کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کر دی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ کل کھیلا جائے گا،دونوں ٹیموں کی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر جم کر پریکٹس ،ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

سیریز کے حوالے سے نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مچل بریک ویل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وقت کم تھا لیکن پاکستان کا دورہ ایک چیلنج ہے۔

کیوی کپتان نے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں کھیلنے کا تجربہ ہے، پاکستان کی ٹیم اچھی ہے اور شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ماحول سے پہلے ہی آگاہ ہوں، کیونکہ میں کراچی میں کرکٹ کھیل کر گیا ہوں۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل 12 میچز ہیں اور ہم اپنی پوری تیاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو غلطیاں ہوئیں ان پر قابو پانے کی کوشش کرینگے، اس وقت بہترین ٹیم کو چنا گیا ہے۔ بابر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کون ٹیم میں اوپننگ کرے گا اس کے لیے کل تک انتظارکریں۔

انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں مختلف حکمت عملی اپنائیں گے، بولنگ میں بھی مختلف حکمت عملی ہوگی۔ گرین شرٹس کے قائد نے کہا کہ بنیادی مقصد ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو تیار کرنا ہے۔

پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ۔سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد ، اعظم خان ، فخر زمان ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ،

محمد رضوان ، محمد عامر ، محمد عرفان خان ، نسیم شاہ ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، اسامہ میر ، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں ۔

نیوزی لینڈ ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل ، ٹم سیفرٹ ، فن ایلن ، مارک چیپمین ، جوش کلارکسن ، ڈین فوکس کرافٹ ، کول میک کونچی ، جیمز نیشم ، جیکب ڈفی ، بین لسٹر ، ولیم او روک ، بین سیئرز ،

ایش سودھی ، ایڈم ملن ، زیکری فوکس اور ٹم روبنسن شامل ہیں ۔ پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پلڑا بھاری ہے ۔

اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 39 میچ کھیل چکی ہیں، 21 میں پاکستان فاتح رہا جبکہ 17 میچ نیوزی لینڈ نے جیتے، ایک میچ بے نتیجہ رہا ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 20 اپریل ، تیسرا میچ 21 ، اپریل ، چوتھا میچ 25 اپریل جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 اپریل کو کھیلا جائے گا ، سیریز کے پہلے تین میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ آخری دو میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔

error: Content is protected !!