ایس اے ایف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی 20 کرکٹ ؛ ملتان فائنل میں پہنچ گئی

ایس اے ایف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ:ملتان فائنل میں پہنچ گئی

کوئٹہ کو 92رنز سے شکست،زبیر سلیم مسلسل تیسری بار مین آف دی میچ،کراچی نے حیدرآباد کو ہرا دیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)

ملتان نے کوئٹہ کو92رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ چیمپئن شپ گریڈ ون کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا جبکہ کراچی نے حیدرآباد کو شکست دی

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اورپاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے راشد لطیف اکیڈمی کرکٹ گراؤنڈپر جاری چیمپئن شپ کے تیسرے روزکا پہلا میچ ملتان اور کوئٹہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا

جس میں ملتان نے 92رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے گریڈ ون کے فائنل میں جگہ بنائی۔ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر189رنز اسکور کئے۔

ماجد حسین نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43،جہانزیب ٹوانہ نے 38،غلام محمد نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37اور زبیر سلیم نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37رنز بنائے۔

مٹھل خان،الس یار،نظام الدین،علی گجیزئی اور وسیم رحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 97رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔نظام الدین 32اور ایاز احمد 20رنز بناکر نمایاں رہے۔

محمد آصف نے تین،زبیر سلیم اور محمد عرفان نے دودو جبکہ محمد حارث،جہانزیب ٹوانہ اور عمیز رحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،سینئر اسپورٹس جرنلسٹ شاہد علی خان اس میچ کے مہمان خصوصی تھے

جنہوں نے زبیر سلیم کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا،اس موقع پر ملتان بہاولپور کے ریجن ہیڈ کامران جمیل،بلوچستان کے ہیڈ اسلم بریچ اور شکیل سجاد بھی موجود تھے۔

دوسرے میچ میں کراچی نے دل چسپ مقابلے کے بعد حیدرآباد کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔حیدرآباد نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں پر 135رنز اسکور کیے۔

محمد وارث نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40،محمد جبار نے 37اور نعمان نے 23رنز بنائے۔ملک شیر نے تین جبکہ ابو بکر اور عمر فاروق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کراچی نے مطوبہ اسکور 14.3اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر بناکر میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔خورشید علی نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 54،وحید خان نے ناقابل شکست 37اور عمر فاروق نے 24رنز بنائے۔

اسامہ نے دو کٹیں حاصل کیں،اس میچ کے پلیئر آف دی میچ ملک شیر قرار دئے گئے جنہیں سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ثروت علی نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا،

اس موقع پر ٹورنامنٹ ڈائرکٹر اور سیکریٹری جنرل پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری،سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ضیا شمیم،شکیل سجاد،،میڈیا منیجر محمد نظام اور دیگر بھی موجود تھے۔

تعارف: News Editor