کرکٹ

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : واپڈا نے ایس این جی پی ایل کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : واپڈا نے ایس این جی پی ایل کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔

ایشال ایسوسی ایٹس نے اوجی ڈی سی ایل کو6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

سمیر ثاقب ۔ شامل حسین اور کاشف علی کی سنچریاں۔

محمد اسمعیل ۔نثار احمد ۔ علی رضا اور مہران سانول کی پانچ پانچ وکٹیں

کراچی 3 فروری ۔ 

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کو واپڈا کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ اس کی چوتھی شکست ہے۔

ایشال ایسوسی ایٹس نے اوجی ڈی سی ایل کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات او جی ڈی سی ایل کے سمیر ثاقب پی ٹی وی کے شامل حسین اور غنی گلاس کے کاشف علی کی سنچریاں تھیں۔ سمیر ثاقب نے بیٹ کیری کیا۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم واپڈا کے خلاف فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عابدعلی 85 اور سعد خان 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔علی رضا نے 55 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح واپڈا کو جیتنے کے لیے صرف17 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایشال ایسوسی ایٹس کو او جی ڈی سی ایل کے خلاف جیتنے کے لیے 155 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 4 وکٹوں پرحاصل کرلیا۔ زبیر خان 44 ناٹ آؤٹ اوراذان اویس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس سے قبل اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 292رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سمیر ثاقب نے 125 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18چوکے شامل تھے۔ وہ اوپن جاکر آخر تک ناٹ آؤٹ رہے اس طرح انہوں نے بیٹ کیری کیا۔

حسن رضا خان 89 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے سمیر ثاقب کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے150 رنز کا اضافہ کیا۔

نثار احمد نے 82 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں انہوں نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں پی ٹی وی کو غنی گلاس کے خلاف جیتنے کے لیے 243 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 2 وکٹوں پر 204 رنز بنائے تھے۔ شامل حسین 13 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے120 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔محمد طحہ نے 53 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل غنی گلاس کی ٹیم دوسری اننگز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کاشف علی نے 13 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 133 رنز اسکور کیے۔محسن ریاض 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔مہران سانول نے 64 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کو ہائر ایجوکیشن کے خلاف جیتنے کے لیے 293 رنز کا ہدف ملا ہے اس نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 158 رنز بنائے تھے۔علی شان نے 60 رنز اسکور کیے۔عثمان صلاح الدین 43 اور فواد عالم 32 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 321 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عبداللہ فضل 95 عزیر ممتاز 63 اور محسن خان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

19 سالہ فاسٹ بولر محمد اسمعیل نے97 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس ٹورنامنٹ میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد31 ہوگئی ہے۔ محمد اسمعیل نے قائداعظم ٹرافی میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 22 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

Related Articles

Back to top button