چیمپئنز ٹرافی ، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ لاہور پہنچ گیا۔
14 رکنی دستے میں آسٹریلیا کے کوچز، کپتان اسٹیو سمتھ اور سپورٹ اسٹاف شامل ہے، جو کولمبو سے براستہ دبئی لاہور پہنچے ، جبکہ کھلاڑیوں سمیت 17 رکنی دوسرا دستہ بعد میں پہنچے گا۔
اس کے علاوہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے آج پاکستان پہنچے گی۔ آسٹریلیا چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ انگلینڈ کے خلاف 22 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گا۔
آسٹریلیا کا دوسرا میچ 25 فروری کو جنوبی افریقا کے ساتھ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ آسٹریلیا اپنا آخری گروپ میچ 28 فروری کو افغانستان کے خلاف قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان اور دبئی میں شروع ہو رہی ہے، پہلا میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ ; اسٹیو اسمتھ (کپتان)، شان ایبٹ، ایلکس کیری، بین ڈوارشیس، ناتھن ایلس، جیک فریزر-مگرک، آرون ہارڈی، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، اسپنسر جانسن، مارنس لبوشین، گلین میکسویل، تنویر سنگھا، میتھیو شارٹ، ایڈم زامپا۔ ٹریولنگ ریزرو: کوپر کونوولی۔