CT2025

چیمپئنز ٹرافی ; دبئی سٹیڈیم میں سیاسی نعروں ، بینرز ، پوسٹرز لہرانے پر پابندی

چیمپئنز ٹرافی ; دبئی سٹیڈیم میں سیاسی نعروں ، بینرز ، پوسٹرز لہرانے پر پابندی 

دبئی ; چیمپئنز ٹرافی کے دوران دبئی سٹیڈیم میں دوران میچ سیاسی نعروں، بینرز اور پوسٹرز لہرانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔۔

جاری کردہ قواعدوضوابط کے مطابق شائقینِ کرکٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ دبئی میں چیمپئنز ٹرافی میچز کے دوران سیاسی نعرے بازی،سیاسی بینرز، پوسٹرز لہرانے اور سٹیڈیم لانے سے گریز کریں۔

ان قواعد و ضوابط کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم کے نزدیک ٹکٹس کاؤنٹر اور عوامی پارکنگ ایریاز میں بلند و بالا پوسٹرز کی صورت میں آویزاں بھی کر دیا گیا ہے ۔ جن پر واضح الفاظ میں شائقینِ کو خبردار کیا گیا ہے

کہ کرکٹ کے میدان کو سیاسی جلسہ گاہ نہ بنائیں۔شائقین کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ سیاسی خیالات، نعرے ، پوسٹرز اور بینرز گھر پر چھوڑ کر آئیں۔

شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ نہ کوئی ہتھیار، نہ چاقو، نہ بم اور نہ ہی پستول سٹیڈیم میں لائیں۔ ممنوع ہدایت نامے میں پانی کی بوتل کو بھی رکھا گیا ہے اور شائقین کو کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء سٹیڈیم میں لگائے گئے فوڈ سٹالز سے خریدیں،

گھر سے کچھ لانے کی ضرورت نہیں کیونکہ سٹیڈیم میں بہترین کھانے کا انتظام کیا گیا ہے ، البتہ چھوٹے بچوں کے لیے دودھ اور دیگر ضروری اشیا لانے کی اجازت ہو گی۔

پالتو جانور رکھنے والے شائقین کو بھی واضح الفاظ میں کہا گیا ہے کہ اپنے کتے ، بلی یا خرگوش کو کرکٹ کا فین بنانے کی کوشش نہ کریں۔ سکیٹ بورڈ اور سائیکل بھی سٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

حکام نے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ میچ کے دوران نہ تو فلیش فوٹو گرافی کریں اور نہ ریکارڈنگ کیونکہ اس سے ناصرف کھلاڑی متاثر ہونگے بلکہ کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی بھی ہو گی۔

حکام نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ گھر سے نہ تو کوئی شیشے کا گلاس لائیں اور نہ الکوحل اور کسی قسم کا زہریلا مواد لانے کی کوشش کریں۔

ریڈیو کمیونیکشن ڈیوائسز پر بھی پابندی لگائی گئی ہے تاکہ سٹیڈیم میں نصب انٹرنیٹ اور کمیونیکشن سسٹم پر ان کی فریکوینسی اثر انداز نہ ہو۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!