چیمپئنز ٹرافی: کیویز نے بنگلادیش کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ نیوزی لینڈ نے 237 رنز کا ہدف 47 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، رچن رویندرا 112 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ول ینگ اور ڈیوون کانوے نے کیا جو سود مند ثابت نہ ہوسکا اور ول ینگ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ تیسرے نمبر پر آنیوالے بلے باز کین ولیمسن بھی 5 رنز بناکر چلتے بنے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور آگے بڑھایا تاہم ٹام لیتھم 55 رنز اور رچن رویندرا 112 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس 21 اور مائیکل بریسویل 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد، مستفیض الرحمان ، ناہید رانا اور رشاد حسین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے کھیلتے ہوئے بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز تنزید حسن اور کپتان نجم الحسن شانتو نے کیا تاہم تنزید حسن 45 کے مجموعی سکور پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسری وکٹ مہدی حسن میراز کی گری جو 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی تیسری وکٹ 97 کے مجموعی سکور پر گری جب توحید ہردوئے 7 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ مشفق الرحیم 2 اور محمود اللہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بنگلادیش کی چھٹی وکٹ کپتان نجم الحسن شانتو کی گری جو 77 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے، رشاد حسین 26 ، ذاکر علی 45 جبکہ تسکین احمد 10 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے مائیکل بریسویل نے 4، ول او رورک نے 2، میٹ ہینری اور کائل جیمیسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اگر آج بنگلہ دیش سے ہار جاتا تو پھر پاکستان کے چیمپیئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات موجود تھے۔ اب گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
اب 27 فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ ہوگا، جو محض ایک رسمی کارروائی ہوگی۔
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون میں تنزید حسن، نجم الحسین شانتو (کپتان)، مہدی حسن میراز، توحید ہری دوئے، مشفیق الرحیم (وکٹ کیپر)، محمود اللہ، جاکر علی، رشاد حسین، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور ناہید رانا شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں وِل ینگ، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، رچن رویندرا، گلین فلپس، مائیکل بریسول، مچل سینٹنر (کپتان)، میٹ ہینری، وِل او رُورک اور کائل جیمیسن شامل ہیں۔