بھوبھنشور(سپورٹس لنک رپورٹ)ہاکی ورلڈ کپ میں گروپ سی کے آخری مرحلے کے میچوں میں میزبان بھارت اور بیلجیم نے اپنے میچز جیت کر گروپ میں اپنی پہلی اور دوسری پوزیشن برقرار رکھی جبکہ بھارت نے براہ راست کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔بھارت کے شہر بھوبھنشور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بیلجیم نے جنوبی افریقہ کو باآسانی 5 گول سے شکست دے دی۔جنوبی افریقہ نے ایونٹ کی مضبوط ٹیم کے خلاف سنسنی کھیل کا آغاز کیا اور پہلے ہی منٹ میں گول کرکے میچ میں تیزی پیدا کردی۔ہاکی کی درجہ بندی میں عالمی سطح پر 15 ویں پوزیشن رکھنے والی جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے نیکولس اسپونر پہلا گول کیا جس کے بعد ان کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔بیلجیم کے کھلاڑیوں نے پہلے منٹ میں خسارے کا شکار ہونے کے بعد زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلا گول 14 ویں منٹ میں ہینڈرکس الیگزینڈر نے کیا جس کے تھوڑی دیر بعد 18 ویں منٹ میں گوگنارڑ سیمن نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ہینڈرکس کی جانب سے پہلا گول ہوتے ہی بیلجیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ پر تابڑ توڑ حملے کیے اور پے در پے گول کر کے چھوٹی ٹیم کو سنبھلنے ہی نہ دیا، ہینڈرکس نے اپنا دوسرا اور ٹیم کے لیے تیسرا گول 22 ویں منٹ میں کیا۔دیگر کھلاڑیوں نے بھی ہینڈرکس کا بھرپور ساتھ دیا اور کھیل کے 30 ویں منٹ میں لیوپیرٹ لوئیک نے مزید اضافہ کیا۔دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی گول کرنے کی کوشش کرتی رہی لیکن وہ ناکام ہوئی تاہم بیلجیم کے چالیئر نے 48 ویں منٹ میں گول کرکے برتری کو مزید واضح کر دیا۔کھیل کے مقررہ وقت تیک بیلجیم نے 5 گول کیے جن میں سے 2 گول ہینڈرکس کے تھے جبکہ جنوبی افریقہ ایک گول سے آگے نہ بڑھ پایا یوں بیلجیم نے یہ میچ 5-1 سے جیت لیا۔بیلجیم کو گروپ میں بھارت پر برتری حاصل کرنے کے لیے بھاری مارجن سے جیتنا ضروری تھا لیکن بھارت نے اپنے میچ میں کینیڈا کو ایک ایسی ہی شکست سے دوچار کرکے اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔بھارت نے ایک میچ میں کامیابی اور ایک میچ کو برابر کھیل کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور آخری مرحلے میں کینیڈا کے خلاف بڑے مارجن سے جیت کر اپنی اس پوزیشن کا برقرار رکھنا تھا۔کینیڈا کو باآسانی مگر سنسنی خیز میچ میں 1-5 سے شکست دے کر بھارت نے گروپ میں اپنی اجارہ داری برقرار رکھی۔میچ کا پہلا گول بھارت کے ہرمن پریت سنگھ نے 12 ویں منٹ میں کی جس کو کینیڈا نے 39 ویں منٹ میں سنفلوریس وین نے گول کرکے برابر کردیا۔بھارت کو کینیڈا سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم 46 ویں منٹ میں کنگوجام نے گول کرکے ایک مرتبہ پھر برتری دلادی اور اگلے ہی منٹ میں للیت اپاڈھیا نے ایک اور گول داغ دیا۔برتری حاصل کرتے ہیں میزبان کھلاڑی ٹوٹ پڑے اورمیچ کے 51 ویں اور 57 ویں منٹ میں مزید 2 گول کر کے برتری کو 1 کے مقابلے میں 5 گول کردیا۔بھارت نے کھیل کے مقررہ وقت تک 5 گول کیے اور کینیڈا نے ایک گول کیا اور یوں بھارت نے میچ 5-1 سے جیت لیا۔گروپ سی میں بھارت سرفہرست ہے اور بیلجیم کا دوسرا نمبر ہے جبکہ کینیڈا تیسرے اور جنوبی افریقہ بغیر کسی جیت کے آخری نمبر پر رہا۔بیلیجیئم اور بھارت کی ٹیموں نے پول سی میں یکساں 7پوائنٹس حاصل کیے تاہم گول کے واضح فرق کے باعث بھارت نے براہ راست کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔