لیڈز(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین روہت شرما نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں زیادہ سنچریوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، اس کے علاوہ انہوں نے میگا ٹورنامنٹس کی تاریخ میں زیادہ سنچریوں کا سابق ہم وطن بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، اس کے علاوہ وہ 27 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں بنا کر ہاشم آملہ کے ہم پلہ ہو گئے، روہت شرما نے ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں شاندار سنچری بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا، یہ ان کی رواں ٹورنامنٹ میں پانچویں سنچری ہے، اس طرح انہوں نے ایک ورلڈ کپ میں سنگاکارا کی زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی، سنگاکارا نے 2015ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں 4 سنچریاں سکور کی تھیں۔اس کے علاوہ روہت شرما ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں 6 سنچریاں بنا کر عالمی ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے ساجھے دار بن گئے
ٹنڈولکر نے 45 ورلڈ کپ میچز کھیل کر 6 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ روہت شرما نے صرف 16 کھیل کر ان کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ اس کے علاوہ روہت شرما کیریئر کی 27 سنچری بنا کر ہاشم آملہ کے ہم پلہ ہو گئے، شرما ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں، ٹنڈولکر 49 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، ویرات کوہلی 41 سنچریاں بنا کر دوسرے، رکی پونٹنگ 30 سنچریاں بنا کر تیسرے اور جے سوریا 28 سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ روہت شرما ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی ایک سیریز یا ٹورنامنٹ میں پانچ سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز ہیں، اس سے قبل ویسٹ انڈین بلے باز کلائیڈ والکوٹ نے 1955ء میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پانچ سنچریاں سکور کر کے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔