لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ایک ماہ کے سمر سوئمنگ کیمپ کا سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں افتتاح کیا، پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کمپلیکس آمد پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، بچوں نے ان کو گلدستہ پیش کیا، سوئمرز کا ان سے تعارف کرایا گیا، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب شاہد فقیر ورک ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی اور دیگر بھی موجود تھے
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سمر سوئمنگ کیمپ کے انعقاد کا مقصد سوئمنگ کو فروغ دینا اور بچوں کو سوئمنگ کی تربیت دینا ہے، اب تک کیمپ میں 60سے زائد لڑکے اور لڑکیاں شامل ہوچکے ہیں جبکہ کیمپ میں ایک سو بچوں کی گنجائش ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہر کھیل کی ترقی اور فروغ کے لئے اقداما ت کررہا ہے
سپورٹس بورڈ پنجاب کا ایک ماہ کا سمر ہاکی کیمپ گوجرہ میں بھی جاری ہے جس میں لڑکے اور لڑکیاں ماہر کوچز سے تربیت حاصل کررہے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کیلئے ٹریننگ کیمپس کا آغاز اگست میں ہوگا، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سمر سوئمنگ کیمپ موسم گرما کی تعطیلات میں لگایا گیا ہے تاکہ بچے چھٹیوں میں مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور اپنے کھیل کو مزید بہتر کر سکیں ، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہاہے
انہوں نے کہا ہے کہ کیمپ میں ماہر مرد و خواتین کوچز بچوں کو تربیت دے رہے ہیں، امید ہے کہ کیمپ سے نئے سوئمرز سامنے آئیں گے، کیمپ کے اختتام پر بچوں کو کٹس بھی دی جائیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بچوں کی ٹریننگ بھی دیکھی ، ننھے سوئمرز نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام لگائے گئے سمر سوئمنگ کیمپ کے انچارج چیف سپورٹس کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک ہیں۔