کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) الصغیر سیون اے سائیڈ سپر ہاکی لیگ صدیق میمن اسپورٹس کمپلیکس گلستان اسکاﺅٹس سینٹر گلشن اقبال کراچی میں شروع ہوگئی، ایڈیشنل سیکریٹری، جنرل ایڈمنسٹریشن حکومت سندھ سید صلاح الدین احمد نے افتتاح کیا اس موقع پر ہنڈا اٹلس پاور پروڈکٹ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی امتیازاحمد شیخ، الصغیر کلب کے روح رواں سید صغیر حسین، سیکریٹری عظمت پاشا سمیت عامر صدیقی، سابق انٹرنیشنل مبشر مختار ، اعجاز کھوکھر اور الصغیرکلب کے ویٹرنز، سینئرز، اور جونیئرز کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں قومی کھیل کے فروغ کے حوالے سے الصغیر ہاکی کلب کی کوششیں قابل ستائش ہیں اپنے ہی کلب کے 100سے زائد ویٹرنز، سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ انکا پہلا عشق بھی ہاکی ہی ہے وہ زمانہ طالبہ علمی میں ہاکی کے بہت اچھے کھلاڑی رہے ہیں اور اب بھی جب انہیں وقت ملتا ہے تو وہ ہاکی کھیلتے ہیں ، مہمان خصوصی نے الصغیر ہاکی کلب کے زیر اہتمام مستقبل میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں نہ صرف کھیلنے کی خواہش کا اعلان کیا بلکہ اپنے تعاون کا یقین بھی دلایا۔ لیگ کے ابتدائی روز چار میچز کھیلے گئے پہلے میچ میں جہانگیر خان سیون ارز نے قدیر احمد سیون ارز کو 5-4 سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے سعد ظہیر نے ہیٹ اسکور کی جبکہ سجیر شیخ نے دوگول اسکور کئے، حریف ٹیم کی جانب سے عدنان نجم نے دو، عمر انیس اور منور عباس نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
دوسرے میچ میں نعمان خان کی ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت عارف اشرف سیون ارز کی ٹیم سراج الدین کو 7-3 سے زیر کیا، انکی جانب سے نعمان خان نے چھے اور کپتان محمد علی نے ایک مرتبہ گیند کو جال کی نذر کیا، شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے اسد علی نے دو اور واصف نعمیر نے ایک گول بنایا۔تیسرا میچ جو کہ شمس الزماں اور عظیم خان کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا وہ3-3گول سے برابر رہا، شمس الزماں کی جانب سے زاہد غفار، بابر سادات اور ریحان نے ایک ، ایک گول اسکور کیا جبکہ عظیم خان کیلئے سمیر سلیم نے پینالٹی اسٹروک پر دو اور عارف حنیف نے ایک فیلڈ گول اسکورکیا۔ اتقاءحسن زیدی اور مطلوب بیگ سیورن ارز کے مابین کھیلا گیا چوتھا میچ 4-4 گول سے برابر رہا اتقاءحسن زیدی کی جانب سے راﺅ حماد نے تین اور انس صدیقی نے ایک گول اسکورکیا جبکہ مطلوب بیگ کی جانب سے سمیع اللہ نے تین اور جنید اسلم نے ایک مرتبہ گیند کو جال کی نذرکیا۔
محمد اصغر، ندیم سعید، سبطین رضا، فہد علی ، اخلاق بخاری نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے، نصرت حسین، اسد ظہیر، مزمل حسین اور حاجی یونس صدیقی نے میچز سپروائز کئے۔ لیگ کے افتتاح سے قبل سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے پرونشل سیکریٹری سید اختر میر نے الصغیر ہاکی کلب کے جونیئرز کھلاڑیوں میں ٹی شرٹس بھی تقسیم کیں انہوں نے سپر لیگ کو اسپانسر کرنے پر ہنڈا اٹلس پاور پروڈکٹ اور امتیاز احمد کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے لیگ کا انعقاد ممکن ہوسکا انہوں نے الصغیر کلب کو مستقبل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا اس موقع پر جونیئرز کھلاڑیوں کے درمیان نماشی میچ بھی کھیلا گیا جو 2-2گول سے برابر رہا۔