سابق صوبائی وزیر سید عاقل شاہ خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کا صدر جبکہ ذولفقار بٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ پشاور یونیورسٹی کے پیوٹا ہال میں منعقدہ انتخابات میں پرویز خان اور منظور حسین نے الیکشن کمیشن کے فرائض انجام دیئے، الیکشن میں71 ووٹوں میں سے 68 ووٹ پول ہوئے۔ سید عاقل شاہ نے 54 اور ان کے مخالف امیدوار خورشید خان نے 14 ووٹ لئے۔ ذوالفقار بٹ 48 ووٹ لیکر سیکرٹری منتخب ہوئے ان کے مخالف امیدوار شاہد شنواری نے 20 ووٹ حاصل کئے۔ امجد خان 47 ووٹ لیکر جائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے
ان کے مخالف امیدوار کفایت خان نے 21 ووٹ حاصل کئے۔ ایسوسی ایشن ایٹ خواتین سیکرٹری کے عہدے پر سارہ نثار 48 ووٹ لیکر منتخب ہوئیں ان کی مخالف امیدوار حاجرہ نے 17 ووٹ لئے سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان، رحمت گل آفریدی، طارق پرویز، مرتضیٰ بنگش نائب صدور، ڈاکٹر محمد طاہر سینئر نائب صدر، ارباب نصیر احمد فنانس سیکرٹری ، تحسین اللہ، عمر ایاز اور محمد محسن کمال پہلے ہی بلا مقابلہ ایسوسی ایٹ سیکرٹریز ،اختر علی شاہ، محمد سلیم اور رضوان الحق رضی ، سفینہ بابر اور شہناز کمال بابر ایگزیکٹو ممبر منتخب ہوئے ہیں۔نائب صدر کے عہدے کے لئے فقیر محمد، خزانچی کے عہدے پر شیراز محمد، ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل کے عہدے پر سلطان سید علی شاہ اور نورزادہ، ایگزیکٹو عہدوں پر انعام اللہ گنڈا پور، مطیع اللہ خان، ارشاد احمد اور سبا محبوب کے کاغذات مسترد کئے گئے تھے۔ جن امیدواروں کے کاغذات مسترد کئے گئے ہیں یہ سید عاقل شاہ کے مخالف گروپ میں تھے اور مختلف دائو پیچ استعمال کرتے ہوئے انہیں مقابلے سے باہر کیا گیا۔ اتھلیٹکس، سائیکلنگ، فٹ بال، جوڈو، سوئمنگ اور گالف ایسوسی ایشنوں نے ووٹ نہیں ڈالا۔سائیکلنگ فیڈریشن کا اولمپک ایسوسی ایشن سے تنازعہ چل رہا ہے، جوڈو ایسوسی ایشن کا بھی تنازعہ ہے، سوئمنگ ایسوسی ایشن نے انتخاب نہیں کرائے، فٹ بال کو فیفا نے معطل کیا ہے ، گالف ایسوسی ایشن نے آخری تاریخ تک نامزدگی نہیں بھیجی۔