ٹوورڈی خیبرنیشنل سائیکل ریس 21 اور 22 فروری کو وادی خیبر اور وادی تیراہ میں منعقد ہوگی۔تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع وادی تیراہ میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی، ٹورازم پراجیکٹ ضم اضلاع، پاک فوج، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے ریس کا انعقاد کیا جائے گا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹورازم ضم اضلاع اشتیاق خان اور آرگنائزنگ سیکرٹری نثاراحمد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ٹوورڈی خیبرنیشنل سائیکل ریس میں ملک بھر سے 55 کے قریب سائیکلسٹ شرکت کرینگے۔
ریس کا پہلا مرحلہ باب خیبر سے طورخم بارڈ مچنی چیک پوسٹ تک41 کلومیٹرروڈپر 21 فروری کو منعقد ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ وادی تیراہ میں 27 کلومیٹر روڈ پر ہو گا جس کا اختتام دواطوئے کے مقام پر ہوگا۔ ریس کی اختتامی تقریب باغ میدان سپورٹس کمپلیکس وادی تیراہ میں منعقدکی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ریس میں چاروں صوبے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت اسلام آباد، پاکستان آرڈیننس فیکٹری، بائیکستان سائیکلنگ اکیڈمی کراچی اور خیبرپختونخوا کی تین ٹیمیں خیبرپختونخوا گرین، بلیو اور خیبرپختونخوا وائٹ شرکت کرینگی جس میں ہر ٹیم سے 6،6 کھلاڑی شریک ہونگے۔ ریس میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، چیف جج اور دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کرینگی۔