پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ کل کراچی میں کھیلا جائیگا، یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم نے پہلے میچ میں سری لنکن ٹیم کو شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے، پہلے میچ میں پاکستان طوبی حسن ویمنز ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو پر 3 وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی بولربنی تھیں۔کراچی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ویمنز ٹی ٹوئنٹی میچ میں طوبی نے صرف 8 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں ان کی شاندار پرفارمنس پر میچ کی بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔ طوبی حسن نہ صرف ڈیبیو پر 3 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئیں بلکہ انہوں نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو پر پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ فیگر کا ریکارڈ بھی بنادیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ کا کہنا ہے کہ ٹیم نے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور میں امید کرتی ہوں کہ دوسرے میچ میں بھی ٹیم جیت کے تسلسل کو جاری رکھے ہوئے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ طوبیٰ نے بلاشبہ شاندار بائولنگ کی ہے اور میں اس کا ایک روشن مستقبل دیکھ رہی ہوں۔