لاہور( سپورٹس رپورٹر)اے اے ایم نیشن کیئر جونیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ 2022 نیشنل تائیکوانڈوکلب نے جیت لی۔غازی تائیکوانڈو کلب نے دوسری اور براق ہائی سکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔فاتح ٹرافی نیشنل تائیکوانڈو کلب کے متین نیئرجبکہ رنر اپ ٹرافی غازی تائیکوانڈوکلب کے علی عمران نے وصول کی۔ غازی تائیکوانڈوکلب کی ساڑھے تین سالہ بچی معصومہ نے گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔مہمان خصوصی اے اے ایم نیشن کیئر فائونڈیشن کے بانی و چیئرمین عبداللہ امانت محمدی، حسن رضا، محمد ابو بکر اور براق ہائی سکول کے وائس پرنسپل شرافت علی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
لاہور ڈویژ ن تائیکوانڈو ایسوسی یشن کے سابق سیکرٹری اورگولڈ میڈلسٹ انٹرنیشنل کھلاڑی ندیم جنجوعہ اور تائیکوانڈو کے بلیک بیلٹ فورتھ ڈان (ڈبلیو ٹی ایف ،کوریا) خاور محمود نے ریفری جج کے فرائض انجام دیئے۔ تفصیلات کے مطابق سکول کے بچوں میں سپورٹس کلچر پروان چڑھا کر انہیں ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط بنانے اور قوت مدافعت میں اضافے کرنے کے حوالے سے نیشنل تائیکوانڈوکلب اور براق ہائی سکول نے اے اے ایم نیشن کیئر فائونڈیشن کے تعاون سے پہلی اے اے ایم نیشن کیئر جونیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ 2022 منعقد کی جس میں ساڑھے تین سال سے لے کر بارہ سال کی عمر تک کے پچاس سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
نیشنل تائیکوانڈوکلب نے پانچ گولڈ میڈلز،دوسلوراور ایک برائونزمیڈل جیت کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور غازی تائیکوانڈوکلب نے چار گولڈ میڈلز، دوسلور اور دوبرائونزمیڈلزجیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ براق ہائی سکول نے تین گولڈ میڈلز، ایک سلور اور تین برائونزمیڈلز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔نیشنل تائیکوانڈوکلب کے متین نیئر، حمزہ اسلام،ایان ندیم،واجد اور کامل محمود گولڈ میڈلزجیتنے میں کامیاب ہوئے۔ علی حیدر اور حسن علی نے سلور میڈل جبکہ بلال نے برائونز میڈل جیت کر اپنے کلب کواے اے ایم نیشن کیئر جونیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ کا فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔