ایشین گیمز ویمنز کرکٹ : پاکستان کو سیمی فائنل میں سری لنکا نے 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
ہانگزو ( چین ) دفاعی چیمپئن پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسطرح اب اسے پیر کے روز بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ کرنا ہوگا جبکہ فائنل انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اتوار کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں سری لنکا ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی تاہم پاکستان ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر75 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
سری لنکا ویمنز نے 16.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان ویمنز کی طرف سے شوال ذوالفقار ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔منیبہ علی نے 13 اور عمائمہ سہیل نے10 رنز اسکور کیے۔یہی تین کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔
کپتان ندا ڈار9 عالیہ ریاض2 اور سدرہ امین3 رنز بناپائیں۔
سری لنکا کی طرف سے 38 سالہ لیفٹ آرم میڈیم پیسر اودیشیکا پرابودھانی نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ 17 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان اتاپتو14 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پرڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ انوشکا سنجیووانی کو15 رنز پر ڈیانا بیگ نے آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والی تیسری بیٹر وشمی گونارتنے تھیں جو بغیر کوئی رن بنائے ام ہانی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئیں۔
ہارشیتھا سمارا وکرما اور نیلاکشی ڈی سلوا کی شراکت میں بننے والے 35 رنز نے سری لنکا کی جیت ممکن بنادی۔ سمارا وکرما 23 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں ۔ ڈی سلوا ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
مختصر اسکور۔
پاکستان ویمنز 75 رنز9 کھلاڑی آؤٹ ۔( 20 اوورز ) شوال ذوالفقار 16 ۔اودیشیکا پرابودھانی 21/ 3 وکٹ۔
سری لنکا ویمنز۔ 77 رنز4 کھلاڑی آؤٹ ( 16.3 اوورز ) ہارشیتھا سمارا وکرما 23 ۔ نیلاکشی ڈی سلوا 18 ناٹ آؤٹ ۔انوشکا سنجیووانی15۔