مسلم ہینڈز اسکولز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ فائنل ،کوئٹہ بیئرز نے پشاور ٹائگر کو3-1 سے شکست دیدی
کوئٹہ ٹیم پہلی مرتبہ اس ایونٹ کا حصہ بنی ، پشاور ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے
وزیر آباد : مسلم ہینڈز اسکولز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ میںکوئٹہ بیئرز نے پشاور ٹائگر کو3-1 سے شکست دیدی۔ اتوار کو مسلم ہینڈز کے تحت تیسری سالانہ مسلم ہینڈز اسکولز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ کا انعقاد محمد رشید فٹبال گرائونڈ، مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس وزیر آباد میں کیا گیا۔
ایونٹ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی جس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی مینجمینٹ اور پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی سابق کپتان مائیلکہ نور نے شرکت کی ۔
اس موقع پر مسلم ہینڈز حلیمہ کالج وزیرآباد میں پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان مائیلکہ نور کے نام سے اکیڈمی افتتاح بھی کیا گیا۔مسلم ہینڈز اسکولز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ میں ملک بھراور آزاد کشمیرسے 12ٹیموں نے حصہ لیا
جس میں، پشاور ٹائیگرز، کوئٹہ بیئرز، راولاکوٹ ایگلز ، وزیر آباد فالکن ،بھیرہ مارخور، سوہدرہ سپارٹن، لاہور لائنز، اسلام آباد پینتر، باغ اسٹیلن ،کوٹلی واریئرز، بالاکوٹ وولفو،گجر خان لیپٹس شامل تھی۔ان تمام ٹیموں کا تعلق ملک بھر اور آزاد کشمیر میں قائم مسلم ہینڈز ایجوکیشن سسٹم سے ہے۔
ایونٹ میںمجموعی طور پر 20 میچز کھیلے گئے جس میں پہلا سیمی فائنل کوئٹہ اور وزیر آباد کے درمیان کھیلا گیا جس میں کوئٹہ نے 12-2 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی ،ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل ، پشاور اور راولاکوٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا
جس کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کی ٹیم نے 1-0 سے میچ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ اس کے بعد مسلم ہینڈز اسکولز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ کا فائنل میچ کوئٹہ اور پشاور کے درمیان کھیلا گیا
جس میں کوئٹہ نے پشاور کو 3-1 سے شکست دے کر مسلم ہینڈز اسکولز نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ ٹائٹل اپنے نام کیا ، یا د رہے کوئٹہ ٹیم پہلی مرتبہ اس ایونٹ کا حصہ بنی جبکہ پشاور ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے