قائداعظم ٹرافی : پشاور کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ۔
اویس علی اور محمد علی کی چار چار وکٹیں ۔
سیالکوٹ پہلی اننگز میں 74 رنز کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں۔
———————–
اسلام آباد 26 نومبر۔ نوازگوھر
قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے پہلے میچ کے پہلے دن پشاور کی ٹیم سیالکوٹ کے بولرز کی عمدہ کارکردگی کے سبب پہلی اننگز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اویس علی اور محمد علی نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
سیالکوٹ نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 74 رنز بنائے تھے۔
منگل کے روز ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں چار روزہ میچ کے پہلے دن پشاور کے کپتان ساجد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن کوئی بڑی پارٹنرشپ قائم نہ ہونے کے سبب پشاور کی ٹیم بڑے اسکور تک نہ پہنچ پائی۔
53 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کی 3 وکٹیں گرگئی تھیں جن میں اس ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 400 رنز بنانے والے وقار احمد کی وکٹ بھی شامل تھی جو صرف 7 رنز بناپائے۔
پشاور کی چوتھی وکٹ 83 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹاپ اسکورر عبیداللہ 8 چوکوں کی مدد سے35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ کھانے کے وقفے سے قبل پشاور کی ٹیم 93 کے مجموعی اسکور پر اپنی پانچویں وکٹ سے بھی محروم ہوچکی تھی۔
دوسرے سیشن میں پشاور کی آخری 5 وکٹیں اسکور میں صرف 55 رنز کا اضافہ کرپائیں۔
سیالکوٹ کی طرف سے محمد علی اور اویس علی نے بالترتیب 35 اور 73 رنز دے کر چار چار وکٹیں حاصل کیں ۔ شعیب اختر نے 50 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
سیالکوٹ کی پہلی اننگز کا آغاز عاشر محمود اور اذان اویس نے اعتماد سے کیا اور اپنی شراکت میں 74 رنز کا اضافہ کیا جب کھیل کم روشنی کے سبب مقررہ وقت سے پہلے ختم کیا گیا توعاشر محمود 5 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے
اذان اویس 38 رنز پر کریز پر موجود تھے ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ قائداعظم ٹرافی کے گروپ میچوں کے اختتام پر تینوں گروپ کی سرفہرست ٹیموں سیالکوٹ۔ پشاور اور لاہور وائٹس نے سہ فریقی مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
اس مرحلے کا دوسرا میچ 2 دسمبر سےایبٹ آباد میں لاہور وائٹس اور پشاور کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ 27 دسمبر کو سہ فریقی مرحلے کے آخری میچ میں لاہور وائٹس اور سیالکوٹ مدمقابل ہونگی۔
سہ فریقی مرحلے کی دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میں جگہ بنائیں گی جو 2 جنوری سے کھیلا جائے گا۔