کرکٹ

زلمی مدرسہ لیگ کا میلہ سجنے کو تیار! ساتواں ایڈیشن 25 سے 28 اکتوبر تک پشاور میں ہوگا

زلمی مدرسہ لیگ کا میلہ سجنے کو تیار! ساتواں ایڈیشن 25 سے 28 اکتوبر تک پشاور میں

، افتتاحی تقریب کل گورنر ہاؤس میں ہوگی

پشاور: پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے مشترکہ اقدام زلمی مدرسہ لیگ کا ساتواں ایڈیشن 25 سے 28 اکتوبر تک پشاور میں منعقد ہوگا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 24 اکتوبر کو گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگی، جس کا افتتاح گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کریں گے۔

زلمی مدرسہ لیگ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کا ایک منفرد اقدام ہے، جس کا مقصد مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مدارس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا، 

مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔ یہ ایونٹ وقت کے ساتھ پاکستان بھر کے مدارس کے طلبہ کے لیے ایک مقبول اور پسندیدہ کرکٹ ٹورنامنٹ بن چکا ہے۔

زلمی مدرسہ لیگ کے گزشتہ ایڈیشنز پشاور، وزیرستان، کوئٹہ، گلگت بلتستان , آزاد کشمیر اور لاہور میں منعقد ہو چکے ہیں، جبکہ ساتویں ایڈیشن کے لیے ایک بار پھر پشاور کا انتخاب کیا گیا ہے۔

 ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مدارس کے طلبہ شرکت کریں گے اور کرکٹ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

زلمی مدرسہ لیگ کی نمایاں خصوصیت مختلف مکاتبِ فکر کے مدارس کے طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے، جہاں کھیل کے ذریعے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، ایک دوسرے کو سمجھنے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کا موقع ملتا ہے۔

 پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کا یہ اقدام کھیلوں کو معاشرتی ہم آہنگی، مثبت سوچ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ایک مؤثر ذریعے کے طور پر پیش کرتا ہے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ ان کے لیے انتہائی اہم اور دل کے قریب ایونٹ ہے۔ اس لیگ کے ذریعے مدارس کے طلبہ کو اپنی کرکٹ کی صلاحیتیں دکھانے اور اپنی شناخت بنانے کا موقع ملتا ہے۔ 

اس کے ساتھ ساتھ مختلف مکاتبِ فکر کے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور رواداری کو بھی فروغ دیا جاتا ہے۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ زلمی مدرسہ لیگ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا اور کھیل کے ذریعے معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ زلمی مدرسہ لیگ کا ساتواں ایڈیشن بھی ان شاء اللہ کامیابی سے منعقد ہوگا اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹورنامنٹ کے میچز 25 سے 28 اکتوبر تک حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب 24 اکتوبر کو گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی، جہاں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی لیگ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

Related Articles


Back to top button