کرکٹ

لاہور میں پی سی بی ایج گروپ ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ 26، 27 اکتوبر کو ہوں گے؛

لاہور میں پی سی بی ایج گروپ ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ 26، 27 اکتوبر کو

انڈر 15 کے ٹرائلز 26 اور انڈر 17 کے 27 اکتوبر کو اتفاق ایل آر سی اے گراؤنڈ میں ہوں گے؛ 

کامیاب کھلاڑیوں کے کلائی ٹیسٹ اور باہمی مقابلے بھی ہوں گے

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایج گروپ ٹرائلز پروگرام کے تحت لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے انڈر 15 اور انڈر 17 کے دوسرے مرحلے کے ٹرائلز کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ 

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کی خصوصی ہدایات پر دوسرے مرحلے کے ٹرائلز 26 اور 27 اکتوبر 2026ء کو اتفاق ایل آر سی اے گراؤنڈ میں منعقد ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق انڈر 15 کے ٹرائلز 26 اکتوبر جبکہ انڈر 17 کے ٹرائلز 27 اکتوبر کو ہوں گے۔ 

لاہور ریجن کے پانچوں زونز سے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے والے منتخب کھلاڑی ہی دوسرے مرحلے کے ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ اہل کھلاڑیوں کی فہرست جمعہ کے روز جاری کر دی جائے گی۔

خواجہ ندیم احمد نے واضح کیا ہے کہ ایج گروپ ٹرائلز کا بنیادی مقصد لاہور میں موجود نوجوان کرکٹ ٹیلنٹ کو میرٹ اور شفاف سلیکشن کے ذریعے آگے لانا اور مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مساوی مواقع فراہم کرنا لاہور ریجن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور انتخاب کے پورے عمل میں میرٹ، نظم و ضبط اور مقررہ معیار کو مقدم رکھا جائے گا۔

ٹرائلز کی نگرانی لاہور ریجن کے ہیڈ کوچز اعزاز چیمہ اور اشرف علی کریں گے، جبکہ ڈسٹرکٹ کوچز کامران ساجد، آصف اشفاق، کاشف صدیق، عرفان فاضل اور عامر سجاد معاون کوچز کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اس عمل کے ذریعے کھلاڑیوں کی فنی مہارت، کھیل کی استعداد اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے پانچوں زونل صدور کو ٹرائلز کے روز کوآرڈینیٹرز تعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ 

کوآرڈینیٹرز سلیکشن کمیٹی کو ضروری انتظامی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹس اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے ذمہ دار ہوں گے، 

تاکہ سلیکشن کے عمل میں شفافیت اور عمر کے تعین سے متعلق قواعد پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

خواجہ ندیم احمد کے مطابق دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی عمر کی تصدیق کے لیے کلائی کے ٹیسٹ بھی کروائے جائیں گے۔ 

اس مرحلے کے بعد کامیاب کھلاڑیوں کی ٹیمیں تشکیل دے کر لاہور ریجن کی سطح پر باہمی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی، فنی صلاحیتوں اور کھیل کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور ریجن کی انڈر 15 اور انڈر 17 کی حتمی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

خواجہ ندیم احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے تیار کرنے کے لیے مربوط اور شفاف اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسرے مرحلے کے ٹرائلز اور بعد ازاں ہونے والے ریجنل مقابلوں کے ذریعے کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے، جو مستقبل میں لاہور اور پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایج گروپ کرکٹ میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو مضبوط بنانے کی کوشش ہے، اور لاہور ریجن اس ذمہ داری کو پوری سنجیدگی، پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھاتا رہے گا۔

Related Articles


Back to top button