کرکٹ

انڈر 19 ایشیا کپ میں بڑا اپ سیٹ، پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی

انڈر 19 ایشیا کپ گروپ اے: پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

 المارات(سپورٹس لنک) عمان کے شہر المارات میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ گروپ اے کے اہم میچ میں پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

عمان میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے بھارتی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا اور پہلے ہی اوور میں بھارتی کپتان لکشیہ رائے چندانی کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔

بھارت کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

 بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ آریاویر سہواگ 22، کاویا پریش پٹیل 23، منال چوہان 11 اور انوے ڈریوڈ 10 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سمیع نے ایک وکٹ لی۔ 

علی رضا نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3، رضوان اللہ نے 7 اوورز میں 24 رنز دے کر 3، نقاب شفیق نے 10 اوورز میں 42 رنز دے کر 3 اور محمد سمیع نے 8.3 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 61 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ 

ایسے میں حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سینچری مکمل کی اور ٹیم کو جیت دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

 حسنین عباس نے 38 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت عثمان خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حیات خان، عبدالقادر، جہانگیر بلال، فرحان یوسف، احمد حسین، حمزہ ظہور، حسنین عباس ڈار، حذیفہ احسن، محمد صیام اور عبدالصبحان شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ، علی رضا، نقاب شفیق اور محمد حذیفہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

بھارت کی پلیئنگ الیون
بھارتی انڈر 19 ٹیم کی قیادت لکشیا رائے چندانی کر رہے ہیں، بھارتی ٹیم میں یش بردھن چوہان، وی کے وینیتھ، کُشاگر اوجھا، ارجن راجپوت، منال چوہان، راجت باگھیل، انوے ڈریوڈ، یش ویر گوڑ، آریان ساوسانی اور کاویا پریش پٹیل شامل ہیں۔

بھارتی اسکواڈ میں موہت اولوا، چگروپتی وینکٹا، ایشان سود اور آریاویر سہواگ بھی موجود ہیں۔

Related Articles


Back to top button