انڈر 19 چیمپئن شپ: لاہور بلوز کی شاندار فتح، خواجہ ندیم احمد کی پالیسیوں کو کامیابی کی بنیاد قرار دے دیا گیا
قومی انڈر 19 چیمپئن شپ میں لاہور بلوز کی شاندار فتح
پانچوں زونز کے صدور کا لاہور بلوز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خراجِ تحسین،
خواجہ ندیم احمد کی شفاف پالیسیوں اور کھیل دوست ویژن کو کامیابی کی بنیاد قرار دے دیا
رپورٹ: عابد حسین
سٹی زون کے صدر میاں فضل قدوس، کینٹ زون کے صدر مشہود حسین شیرازی، ماڈل ٹاؤن زون کے صدر ملک عمران بچہ،
راوی زون کے صدر محمد اعجاز بٹ اور شالیمار زون کے صدر محمد ارشد نے اپنے مشترکہ بیان میں لاہور بلوز کے تمام کھلاڑیوں،
ہیڈ کوچ آصف اشفاق، اسسٹنٹ کوچ عامر سجاد اور ٹیم منیجر سید عبدالرشید کی پیشہ ورانہ محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
پانچوں زونز کے صدور کا کہنا تھا کہ لاہور بلوز کی یہ تاریخی کامیابی محض ایک ٹورنامنٹ کی فتح نہیں بلکہ لاہور ریجن میں کرکٹ کے فروغ،
نوجوان ٹیلنٹ کی مؤثر تربیت اور بہترین انتظامی حکمت عملی کا عملی ثبوت ہے۔
اس کامیابی کا سہرا لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ خواجہ ندیم احمد کی شفاف پالیسیوں،
میرٹ پر مبنی فیصلوں اور کرکٹ کی ترقی کے لیے اختیار کیے گئے مثبت طرزِ عمل کو بھی جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ریجن کی کائزن جونیر کرکٹ اکیڈمی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
اکیڈمی میں سال بھر کھلاڑیوں کی تربیت کا باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے، جبکہ مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو ماہانہ وظائف بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو سال بھر مفت تربیتی سہولیات کی فراہمی اس امر کا واضح ثبوت ہے
کہ لاہور ریجن کی قیادت نوجوان کرکٹرز کی سرپرستی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جونیئر کرکٹ پر مسلسل توجہ، نچلی سطح سے کھلاڑیوں کی تیاری اور
انہیں بہترین تربیتی ماحول فراہم کرنے کی پالیسی ہی مستقبل میں لاہور ریجن کے لیے مزید باصلاحیت کرکٹرز تیار کرنے کا ذریعہ بنے گی۔
قومی انڈر 19 چیمپئن شپ میں لاہور بلوز کی فتح اسی مسلسل محنت اور مربوط نظام کا ثمر ہے۔
پانچوں زونز کے صدور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ لاہور ریجن کے سربراہ خواجہ ندیم احمد کے کھیل دوست ویژن،
مثبت منشور اور کرکٹ کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کی بھرپور تائید و حمایت جاری رکھیں گے تاکہ لاہور ریجن کو قومی سطح پر مزید کامیابیوں سے ہمکنار کیا جا سکے۔