ہاکی
ایشئین گیمز ہاکی فائنل ; 44 سال بعد بھارتی ویمن ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل جیت لیا
ایشئین گیمز ہاکی فائنل ; 44 سال بعد بھارتی ویمن ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل جیت لیا
(ویب ڈیسک) ایشئین گیمز میں 44 سال بعد بھارت کی خواتین ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیابی مل گئی۔ انڈین ویمن نے فائنل میچ میں سخت مقابلہ کے بعد چین کی ویمن ٹیم سے یہ میڈل چھینا۔ ایشئین گیمز کی ہاکی کے فائنل میچ میں چین کو 1-0 سے شکست ہوئی۔ بھارت کی خواتین ہاکی ٹیم نے ایشیائی کھیلوں 2026 کے فائنل میں کامیابی کے ساتھ لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے براہِ راست کوالیفائی بھی کر لیا ہے۔ کاکامی گاہارا میں ہونے والے فائنل میچ نے بھارت کی ویمن ہاکی ٹیم کے ایشئین چیمپئین کے گولڈ میڈل تک پہنچنے کے لئے 44 سال کا انتظار ختم کر دیا۔ بھارت کی خواتین ہاکی ٹیم نے آخری مرتبہ ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ 1982 میں جیتا تھا۔ اس کے بعد یہ ٹیم 1998 میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ 2018 میں بھی بھارتی ویمن ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ تاہم اس بار ٹیم نے فائنل میں چین کو شکست دے کر طویل انتظار ختم کر دیا۔ فائنل میں بھارت کی عورتوں نے دسویں منٹ میں میچ کا واحد گول کیا۔ اپنا 200واں بین الاقوامی میچ کھیل رہی لالریمسیامی نے یہ گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی جو آخر تک برقرار رہی۔ اس سے قبل چھٹے منٹ میں ہندوستان کی بلجیت کور کو گرین کارڈ ملا تھا، لیکن ٹیم نے اس صورتحال سے خود کو سنبھال لیا۔ دوسرے کوارٹر میں چین نے مقابلے میں واپسی کی بھرپور کوشش کی اور بھارت کی دفاع پر دباؤ بڑھایا۔ چین کو پینلٹی سٹروک بھی ملا، لیکن تجربہ کار گول کیپر سویتا پونیا نے چین کو گول کرنے سے روک دیا۔ چینی ٹیم نے مسلسل حملے جاری رکھے۔ تیسرے کوارٹر میں کپتان سلیمہ ٹھیٹے کے زخمی ہونے سے ہندوستان کو کچھ دیر کے لیے تشویش کا سامنا کرنا پڑا۔ چوتھے کوارٹر میں سلیمہ ٹیٹے کھیل میں واپس آئیں۔ ان کی قیادت میں بھارت کی ٹیم نے چین کے مسلسل بڑھ رہے حملوں کا مضبوطی سے مقابلہ کیا اور آخری سیٹی بجنے تک اپنی 1-0 کی برتری برقرار رکھی۔ بھارتی ویمن ہاکی ٹیم کی کیپٹن سلیمہ ٹھیٹے جھاڑ کھنڈ کے ایک پسماندہ قبائلی گھرانے سے ہیں اور ان کے والد سلکھشن ٹھیٹ بھی ہاکی کے کھلاڑی ہیں۔ ہاکی ان کے علاقہ میں مقبول کھیل ہے۔