ایل آر سی اے - کائزن اکیڈمی جونیئر کرکٹرز کو مستقبل کے اسٹارز بنانے میں سرگرم
ایل آر سی اے – کائزن اکیڈمی جونیئر کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کے اسٹارز تیار کرنے میں سرگرمِ عمل
خواجہ ندیم احمد کی قیادت میں گراس روٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے قابلِ تحسین اقدامات، کائزن پینٹ اور لاہور ریجن کا اشتراک تین سال سے کامیابی کے ساتھ جاری
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن اور کائزن پینٹ کے اشتراک سے قائم ایل آر سی اے – کائزن کرکٹ اکیڈمی جونیئر ایج گروپ کے باصلاحیت کرکٹرز کی تربیت، فنی صلاحیتوں میں بہتری اور مستقبل کے بہترین کھلاڑی تیار کرنے کے لیے سال بھر بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہے۔ اس امر کا اظہار اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور صدر ماڈل ٹاؤن زون ملک عمران بچہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ملک عمران بچہ کا کہنا تھا کہ کائزن پینٹ اور لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا اشتراک گزشتہ تین سال سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے،
جس کا بنیادی مقصد نوجوان کرکٹرز کو بہترین تربیتی ماحول، معیاری سہولیات اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ اشتراک محض ایک اسپانسرشپ نہیں بلکہ گراس روٹ کرکٹ کی ترقی اور نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کے لیے ایک عملی اور مؤثر اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی میں شامل کھلاڑیوں کو پورا سال بلا معاوضہ تربیتی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ مستحق اور باصلاحیت کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ماہانہ وظائف دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اکیڈمی میں کوالیفائیڈ کوچز کی نگرانی میں کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جاتی ہے، جہاں روزانہ کی بنیاد پر نیٹ پریکٹس، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ساتھ میچ کی صورتحال کو سمجھنے اور دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے لاہور کے بہترین کرکٹ گراؤنڈز میں باہمی پریکٹس میچز بھی اکیڈمی کے تربیتی پروگرام کا اہم حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ تمام کھلاڑیوں کو یونیفارم جبکہ مستحق بچوں کو کرکٹ کا ضروری سامان بھی فراہم کیا جاتا ہے تاکہ مالی وسائل کسی بھی باصلاحیت کھلاڑی کی ترقی میں رکاوٹ نہ بنیں۔
ملک عمران بچہ نے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد گراس روٹ کرکٹ کی بہتری، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کرکٹ کے فروغ کے لیے جس وژن، محنت اور لگن کے ساتھ اقدامات کر رہے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہیں۔
ان کی قیادت میں کلب کرکٹ، اسکول کرکٹ اور جونیئر ایج گروپ کی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش، تربیت اور سرپرستی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ایل آر سی اے – کائزن اکیڈمی بھی اسی وژن کا ایک اہم عملی مظہر ہے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ تک رسائی حاصل کرنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ریجن کی جونیئر ایج گروپ کرکٹ میں مسلسل نمایاں کامیابیوں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی قومی سطح تک رسائی میں ایل آر سی اے – کائزن اکیڈمی کا اہم کردار ہے۔
اکیڈمی کا مقصد صرف اچھے کرکٹرز تیار کرنا نہیں بلکہ ایسے باصلاحیت، نظم و ضبط کے پابند اور پیشہ ورانہ سوچ رکھنے والے کھلاڑیوں کی بنیاد رکھنا بھی ہے جو مستقبل میں لاہور اور پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کر سکیں۔
ملک عمران بچہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواجہ ندیم احمد کی سرپرستی اور قیادت میں ایل آر سی اے – کائزن اکیڈمی مستقبل میں بھی نوجوان کرکٹرز کی تربیت، فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن اور کائزن پینٹ کا یہ قابلِ قدر اشتراک آئندہ بھی کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے جاری رہے گا،
تاکہ گراس روٹ سطح پر موجود ٹیلنٹ کو مناسب مواقع فراہم کرکے قومی کرکٹ کے مستقبل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔