سندھ جوجٹسو ٹیم نے 17 میڈلز جیت کر نیشنل یوتھ چیمپئن شپ اپنے نام کر لی
سندھ کی یوتھ جوجٹسو ٹیم نے تاریخ رقم کر دی؛ 11 گولڈ سمیت 17 میڈلز جیت کر پہلی نیشنل یوتھ جوجٹسوچیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا.
لاہور: سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کی یوتھ ٹیم نے پہلی نیشنل یوتھ جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 گولڈ، 1 سلور اور 5 برانز میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی طور پر 17 میڈلز حاصل کیے۔
یہ کامیابی سندھ میں جوجٹسو کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور مستقبل کے بین الاقوامی چیمپئنز کی تیاری کے لیے جاری محنت کا واضح ثبوت ہے۔
سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر طارق علی نے اس شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:
“نیشنل یوتھ چیمپئن شپ میں سندھ کی پہلی پوزیشن اور نوجوان کھلاڑیوں کی یہ شاندار کارکردگی ہمارے لیے انتہائی فخر اور خوشی کا باعث ہے۔
یہ کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ سندھ میں جوجٹسو کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام پر بھرپور محنت کی جا رہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ 2026 میں سندھ کے نوجوان جوجٹسو کھلاڑیوں نے قومی سطح کے ساتھ ایشین اور ساؤتھ ایشین سطح پر بھی چیمپئن بن کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ یہ کامیابیاں ہمارے مضبوط ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ سسٹم اور مستقبل کی امیدوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
سندس خان سیکرٹری جنرل ایس جےجے اے نے سندھ اسپورٹس منسٹری، سندھ اسپورٹس بورڈ اور متعلقہ اسپورٹس حکام سے اپیل کی کہ ان نوجوان کھلاڑیوں کی غیرمعمولی کامیابیوں کو سراہا جائے،
ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مزید بہتر تربیت، سہولیات اور بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی کامیابیوں کو حکومتی سطح پر تسلیم کرنا نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ سندھ میں کھیلوں کے فروغ کو بھی نئی تقویت دے گا۔