کرکٹ

بابر اعظم کو مشورے کی نہیں، ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہے: یونس خان

بابر اعظم کو صرف ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہے، اب انہیں کیا مشورہ دے سکتا ہوں: یونس خان

کراچی : سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو صرف ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہے، وہ ایک اچھی اور طویل اننگز کھیل کر اپنی کھوئی ہوئی فارم میں واپس آ سکتے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اپنے برے دور سے گزرنے والے بابر اعظم بہترین بیٹر ہیں، بابر اعظم کو میں اب کیا مشورہ دے سکتا ہوں، انہیں کرکٹ کھیلتے ہوئے 11 برس ہو گئے ہیں، اب ان کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 30 اور 40 رنز اسکور کرنے والے بابر اعظم کو ایک بڑی اننگز کھیلنی چاہیے۔

یونس خان نے کہا کہ سعود شکیل ایک اچھے بیٹر ہیں، انہیں سنچری اسکور کرنی چاہیے، ان کا فارم میں آنا پاکستان کے لیے سود مند ہے۔ سعود شکیل دباؤ میں آئے بغیر لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 93 اور دوسری اننگز میں 97 رنز پر آؤٹ ہونے والے سعود شکیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بڑے سے بڑا کھلاڑی بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو جاتا ہے۔

یونس خان نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان بہتر پوزیشن میں ہے، 200 سے زیادہ کی برتری کو جیت کی شکل میں فائنل ہونا چاہیے۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو بہت سی باتیں بھلا کر کرکٹ کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ انڈر 19 ایشیا کپ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو مثبت رویے کا اظہار کرنا چاہیے تھا، پاکستان انڈر 19 ٹیم کو فائنل جیتنا چاہیے تھا۔

Related Articles


Back to top button