پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں کو سپورٹ کریں، یقین دہانیاں نہیں عملی مدد چاہیے: انعام اللہ
پاکستانی باکسرز کے ویزے میں مشکلات، عمان میں مقیم انعام اللہ کی وزیراعظم سے اپیل
مسقط، عمان (سپورٹس لنک رپورٹر) عمان میں مقیم اور کھیلوں کے فروغ سے وابستہ انعام اللہ نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی توجہ پاکستانی باکسرز کو درپیش ایک اہم مسئلے کی طرف دلائی ہے۔
ویڈیو پیغام میں انعام اللہ نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانی باکسرز عمان میں منعقد ہونے والی ایک بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ہیں، لیکن ان کے ویزے کے حصول میں مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور درخواست بار بار مسترد ہوتی رہی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی گزشتہ دو سے تین ہفتوں سے ان کے ساتھ رابطے میں رہے اور گزشتہ رات وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی رابطہ کر کے ضروری دستاویزات طلب کیے جو فراہم کر دیے گئے۔ انعام اللہ نے ان دونوں شخصیات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس کہ مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود آخری وقت تک کوئی عملی حل سامنے نہیں آ سکا۔ تاہم مسقط میں پاکستانی سفارت خانے نے کافی مدد کی اور اس کے علاوہ عمان کی مقامی باکسنگ آرگنائزیشن نے بھی بھرپور مدد کی، جن کی بدولت بالآخر آج صبح باکسر شعیب خان زہری کا ویزا موصول ہوا۔
انعام اللہ نے کہا کہ ہم اپنے ذاتی وسائل، وقت اور توانائیاں خرچ کر کے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بین الاقوامی مقابلوں میں جاتے ہیں، وہاں پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں، لیکن اگر ہر مرتبہ ویزے کے لیے آخری وقت تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑے تو ہمارا مستقبل کیا ہوگا؟
انہوں نے خاص طور پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ وہاں کے نوجوان پہلے ہی مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر کوئی نوجوان ان حالات سے نکل کر کھیلوں کا راستہ اختیار کرتا ہے اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل بنتا ہے تو سوچیے کہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے اس نے کتنی محنت اور قربانیاں دی ہوں گی۔
انعام اللہ نے کہا کہ حکومت ایک طرف غلط راستے پر چلنے والوں کو مثبت راستے پر لانے کی کوشش کرتی ہے، لیکن جو نوجوان پہلے ہی صحیح راستے پر ہیں، جو کھیلوں کے ذریعے ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، انہیں بھی حکومتی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ جو غلط راستے پر ہیں انہیں ضرور درست راستے پر لائیں، لیکن جو پہلے ہی صحیح راستے پر چل رہے ہیں انہیں گرنے نہ دیں، ان کا ہاتھ تھامیں اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی صرف فرد نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنے علاقے کے سینکڑوں نوجوانوں کے لیے امید اور مثبت تبدیلی کی مثال بن سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ اور تمام متعلقہ حکام سے درخواست کی کہ بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے ایک مستقل اور موثر سپورٹ سسٹم بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف یقین دہانیاں نہیں بلکہ بروقت عملی تعاون کی ضرورت ہے۔ ہمیں صرف اس وقت یاد نہ کیا جائے جب کھلاڑی میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کریں اور ان کے ساتھ تصویریں بنائی جائیں، بلکہ اس وقت بھی ان کا ساتھ دیا جائے جب انہیں بین الاقوامی مقابلوں تک پہنچنے کے لیے حکومت کی مدد کی ضرورت ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک باکسر کے ویزے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی اور قومی وقار کا معاملہ ہے۔
پاکستان زندہ باد، پاکستانی کھلاڑی پائندہ باد