بغیر اجازت باکسنگ ایونٹ: شریک باکسرز اور آفیشلز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
کراچی باکسنگ ایسوسی ایشن کا غیر قانونی باکسنگ ایونٹ پر نوٹس، 5 رکنی انکوائری کمیٹی قائم
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹر) کراچی ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی میں منعقدہ غیر قانونی باکسنگ ایونٹ کا نوٹس لیتے ہوئے پانچ رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔
مذکورہ چیمپئن شپ "کراؤن آف لیاری باکسنگ چیمپئن شپ 2026" کے نام سے 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری میں منعقد ہوئی تھی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس ایونٹ کے انعقاد کی کوئی باضابطہ منظوری نہیں لی گئی اور اس کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔
سیکرٹری کراچی ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن عبدالرزاق بلوچ کے مطابق چیمپئن شپ ایک غیر متعلقہ آرگنائزر کی جانب سے منعقد کی گئی، جس کے باعث اس میں شریک باکسرز اور آفیشلز کی شرکت سمیت تمام پہلوؤں کی تحقیقات ضروری ہیں۔
انکوائری کمیٹی کے چیئرمین رسول بخش بلوچ ہوں گے جبکہ محمد رستم، عبدالرشید، مراد بخش اور عبدالرزاق کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ عبدالرزاق بلوچ ممبر سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ کمیٹی کو 15 نومبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ پیشگی نوٹس کے باوجود ایونٹ میں شرکت کرنے والے باکسرز اور آفیشلز کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا کھیلوں کے حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے صرف اسپورٹس گالا یا فیسٹیول منعقد کر سکتے ہیں، جبکہ انٹر کلب، ڈسٹرکٹ، ڈویژن، صوبائی اور قومی سطح کے ٹورنامنٹس منعقد کرنے کا اختیار صرف پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن یا متعلقہ قومی فیڈریشن سے الحاق شدہ ایسوسی ایشنز کو حاصل ہے۔
کسی بھی چیمپئن شپ کے لیے متعلقہ ایسوسی ایشن کی اجازت اور تکنیکی معاونت لازمی ہے۔