بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، فٹبال تعاون پر اتفاق
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، فٹبال تعاون پر اتفاق
لاہور: پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ فٹبال تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس میں کھلاڑیوں اور کوچز کے تبادلے، تکنیکی تعاون اور مشترکہ ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
اس امر کا فیصلہ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان اور پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے حکام کے درمیان ایک اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) محمد شاہد نیاز کھوکھر نے ان کا پرتباک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان کھیل کے شعبے میں روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں شاہد نیاز کھوکھر نے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے وژن سے آٹھاہ کیا۔
انہوں نے فیڈریشن کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک پائیدار حکمتِ عملی کے تحت فٹبال کی گورننس کو بہتر بنانے، انفراسٹرکچر کی ترقی اور کھیل کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے گراس روٹ (بنیادی سطح) پر فٹبال کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش و ترش، اور خواتین و نوجوانوں کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وژن کا مقصد ملک بھر میں فٹبال کی بنیادوں کو مضبوط بنانا اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا روشن راستہ فراہم کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فٹبال کے میدان میں عملی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ مجوزہ شعبوں میں کھلاڑیوں، کوچز اور تکنیکی عہدیداروں کے تبادلے کے پروگرامز، فنی مہارت کا تبادلہ، اور دونوں ممالک میں فٹبال کی بہتری کے لیے مشترکہ ایونٹس کا انعقاد شامل ہے۔
ان اقدامات سے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو بین الاقوامی سطح کا تجربی حاصل ہوگا، بہترین طریقوں کو سمجھنے کا موقع ملے گا اور دونوں قوموں کی فٹبال کمیونٹیز کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات استوار ہوں گے۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کھیل، بالخصوص فٹبال، دونوں دوست ممالک کو مزید قریب لانے اور ان کے دیرینہ سفارتی تعلقات کو کھیل کے بہترین شراکت دارانہ تعلقات میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔