کرکٹ

جے شاہ بلا مقابلہ دوسری بار آئی سی سی چیئرمین مقرر، ویمنز کرکٹ کی ترقی اولین ترجیح قرار

 جے شاہ بلا مقابلہ دوسری بار آئی سی سی چیئرمین مقرر، ویمنز کرکٹ کی ترقی اولین ترجیح قرار

دبئی / بالی - انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ نے جے شاہ کو بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے چیئرمین دوبارہ مقرر کر دیا ہے۔ فیصلہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں ڈائریکٹرز کی متفقہ تجویز پر کیا گیا۔

آئی سی سی بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ جے شاہ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، ایسے وقت میں جب کرکٹ عالمی سطح پر توسیع، فین بیس میں اضافے اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں واپسی جیسے اہم مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔

جے شاہ کا بیان:
اپنی دوبارہ تقرری پر جے شاہ نے کہا کہ "آئی سی سی بورڈ نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر میں دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ آئی سی سی چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز اور ذمہ داری دونوں ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کی تاریخ کے سب سے اہم اور دلچسپ دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی نئے ناظرین اور نئی نسل کو متاثر کرنے کا غیر معمولی موقع ہے۔ ہماری ذمہ داری صرف کامیاب ایونٹس کرانا نہیں بلکہ کھیل کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل بنانا ہے۔

خواتین کرکٹ پر خصوصی توجہ:
آئی سی سی کی آزاد ڈائریکٹر ڈاکٹر روز ریواز نے جے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ویمنز کرکٹ کی ترقی کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دنیا بھر میں ویمنز کرکٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ہمیں ان خواتین کرکٹرز کو بھی سپورٹ کرنا ہے جن کو کھیلنے کے مواقع میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جے شاہ کی قیادت میں ہر دائرہ اختیار میں خواتین کرکٹرز کو سپورٹ کرنے کی کوششوں کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔

بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ویمنز کرکٹ کی مسلسل ترقی، ایسوسی ایٹ ممبرز کے لیے مواقع میں اضافہ، انٹرنیشنل کرکٹ کی سالمیت کا تحفظ اور کھیل کے طویل مدتی مستقبل کے لیے پائیدار کمرشل مواقع پیدا کرنا ترجیحات میں شامل رہیں گے۔

دیگر اراکین کے تاثرات:
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئر رچرڈ تھامسن نے کہا کہ جے شاہ کی مسلسل قیادت ایسے وقت میں آئی ہے جب انٹرنیشنل کرکٹ تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔

آئی سی سی ڈپٹی چیئر اور زمبابوے کرکٹ کے چیئر تیونگوا مکھولانی نے کہا کہ 2027 میں افریقہ میں ہونے والا مینز کرکٹ ورلڈ کپ براعظم میں کرکٹ کی ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے حال ہی میں مقابلوں کے لیے ایک طویل مدتی پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد شرکت اور ترقی کے راستوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔

Related Articles


Back to top button