پی ایس بی نے بیڈمنٹن فیڈریشن کا کنٹرول سنبھال لیا، ایڈہاک کمیٹی تشکیل
پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے انتظامی امور چلانے کے لیے پی ایس بی نے 6 رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی
اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے روزمرہ انتظامی امور چلانے کے لیے 6 رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 13 نومبر 2026 کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 نومبر 2026 کے فیصلے کی روشنی میں فوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالے گی۔
کمیٹی کی سربراہی وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کریں گے جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر (این ایف) بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
کمیٹی کے دیگر چار ارکان میں خیبر پختونخوا سے سابق قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن ریاض خان، پنجاب سے سابق قومی بیڈمنٹن چیمپئن عامر اسلام، سندھ سے سابق قومی بیڈمنٹن چیمپئن احسن قمر اور بلوچستان سے سابق قومی ڈبلز بیڈمنٹن چیمپئن عتیق چوہدری شامل ہیں۔
اہم ذمہ داریاں: نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک کمیٹی پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے تمام روزمرہ امور کی نگرانی اور انتظام سنبھالے گی، جبکہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے قومی ٹیموں کی تیاری بھی کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔
فیڈریشن کے موجودہ انتظامی عہدیداران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ ریکارڈ، دستاویزات اور املاک کا چارج ایڈہاک کمیٹی کے حوالے کریں، جبکہ چارج کی حوالگی کا تحریری ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔
کمیٹی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نوٹیفائیڈ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرے گی اور شفاف نئے انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار ریکارڈ اور معلومات فراہم کرے گی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے صوبائی و علاقائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشنز، متعلقہ کھیلوں کے اداروں، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، بیڈمنٹن ایشیا اور بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن سے بھی ایڈہاک کمیٹی کے ساتھ تعاون کی درخواست کی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک کمیٹی نئے منتخب عہدیداران کی جانب سے باضابطہ طور پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنی ذمہ داریاں ختم کر دے گی۔