Games

کراچی : لیاری کے ننھے چیمپئنز کے نام، سہان وائٹل فیوژن نے ستاروں کو سجا دیا

نوجوان چیمپئنز اور ان کے مینٹورز کے اعزاز میں سہان وائٹل فیوژن کی تقریب

کراچی (سپورٹس لنک ڈیسک) لیاری سے ابھرتے ہوئے کھیلوں کے ٹیلنٹ اور ان کی کامیابی کے پیچھے موجود شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سہان وائٹل فیوژن نے پی ایم اے ہاؤس کراچی میں "Acknowledging Our Stars and Their Mentors" کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب میں فٹبال، باکسنگ، جمناسٹک اور ٹیبل ٹینس سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایتھلیٹس، سابق کوچز، ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

سہان وائٹل فیوژن کے صدر ڈاکٹر نسیم شیخانی نے اپنی تفصیلی پریزنٹیشن میں تنظیم کی جانب سے لیاری کے باصلاحیت بچوں کے لیے مالی معاونت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کبھی بھی کھیلوں میں عمدگی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لیاری کے بچے اب بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور میڈلز جیت رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ درست مواقع اور تعاون ملنے پر کسی بھی کمیونٹی سے ٹیلنٹ ابھر سکتا ہے۔

تقریب سے عابد حسین بروہی چیئرمین بلوچ اتحاد تحریک امن دوست، پروفیسر ڈاکٹر اصغر دشتی، گیٹز فارما کے خالد محمود اور سپورٹس صحافی خالد حسین نے بھی خطاب کیا اور گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے فروغ میں کوچز اور مینٹورز کے کردار کو سراہا۔

اعزاز پانے والے کھلاڑی: تقریب میں گولڈ میڈلسٹ جمناسٹ شاہ جہان، سودا رشید اور عائشہ بلوچ، قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی صاحبہ بلوچ اور فاطمہ بلوچ، جافا ساکر اکیڈمی کی سودا اور زینب، نیشنل باکسنگ کوچ ثمیہ محمد رفیق اور ٹیبل ٹینس کھلاڑی عدیلہ اکبر سمیت کئی ابھرتے ہوئے ستاروں کو ان کی شاندار کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا۔

سہان وائٹل فیوژن نے اپنی پارٹنر تنظیموں جافا ساکر اکیڈمی، مہر گھر کمیونٹی اسپیس، لیاری جمناسٹک کلب، سلوات ٹیبل ٹینس کلب، ایمپاورنگ ویمن باکسنگ کلب، سوچ اور مہرواں آرٹس اکیڈمی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

تقریب کا اختتام کلاسیکل بینجو کے استاد استاد ممتاز علی سبزال کی خصوصی موسیقی پر ہوا۔

Related Articles


Back to top button