فٹ بال

سیف چیمپئن شپ ; ڈھاکہ میں تاریخ رقم، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-1 سے ہرا دیا

بنگلہ دیش کو ہوم گراؤنڈ پر شکست، پاکستان پہلی بار سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں

صمد کا 85ویں منٹ میں شاندار گول، قومی ٹیم نے تاریخ رقم کردی


ڈھاکہ: عبدالصمد نے 85ویں منٹ میں شاندار گول اسکور کرکے پاکستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا دیا۔ نولبرٹو سولانو کی زیرِ قیادت قومی ٹیم نے میزبان بنگلہ دیش کو نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں 0-1 سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔

بنگلہ دیش نے بیشتر وقت گیند پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور گول کرنے کے زیادہ مواقع پیدا کیے، تاہم صمد نے اپنی انفرادی مہارت سے پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔

صمد نے دائیں جانب گیند حاصل کرنے کے بعد دونوں پاؤں سے تیزی کے ساتھ اسے اپنی گرفت میں رکھا، حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے جگہ بنائی اور بائیں پاؤں سے زوردار شاٹ لگایا جو سیدھا جال میں جا پہنچا۔ ان کے اس شاندار گول نے میچ کے اختتام سے صرف پانچ منٹ قبل پاکستان کو برتری دلا دی۔

یہ کامیابی پاکستان فٹبال کے لیے ایک یادگار سال میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ قومی ٹیم اب پہلی مرتبہ خطے کے اس بڑے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔

بنگلہ دیش نے 64 فیصد گیند پر قبضہ برقرار رکھا اور ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلسل حملے کیے، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دفاع میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو کامیابی سے روکے رکھا اور جوابی حملوں کے مواقع کا انتظار کیا۔

گیند پر کم قبضے کے باوجود پاکستان نے حملوں میں زیادہ خطرناک کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 13 شاٹس لگائے، جن میں سے سات نشانے پر تھے، جبکہ بنگلہ دیش کے آٹھ شاٹس میں سے چار نشانے پر لگے۔

گول کھانے کے بعد بنگلہ دیش نے برابری کے لیے آخری لمحات میں بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دفاع میں ثابت قدم رہتے ہوئے برتری برقرار رکھی اور تاریخی فتح کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے اس کامیابی کو ملکی فٹبال کے لیے ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا، ’’یہ سال پاکستان فٹبال کے نام رہا ہے۔ مختلف مقابلوں میں ہماری کامیابیاں سب کے سامنے ہیں۔ ہماری خواتین ٹیم کی فیفا سیریز میں شرکت سے لے کر مالدیپ میں ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں مردوں کی ٹیم کی تاریخی فتح اور فیفا آسیان کپ میں شرکت تک، پاکستان فٹبال نے اس سال کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

’’اب ہم اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ یہ ہماری قومی ٹیم کی محنت اور پی ایف ایف کی جانب سے جاری کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ پاکستان فٹبال مسلسل ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔‘‘

پاکستان اب 17 نومبر بروز منگل سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گا۔ قومی ٹیم کی نظریں اب اس تاریخی مہم کو پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت کر یادگار بنانے پر مرکوز ہیں۔

Related Articles


Back to top button